ناموسِ رسالت ؐ پر حملوں کا دفاع

Page 365 of 516

ناموسِ رسالت ؐ پر حملوں کا دفاع — Page 365

365 بے بہرہ تھے ، نا واقف تھے تو اب ان کو کچھ پتہ لگ جائے، بشرطیکہ اپنے مقام کو سمجھتے ہوئے انصاف سے اس کو پڑھیں اور غور کریں۔ہم تمام انبیاء کی عزت کرتے ہیں ہمارے دل میں حضرت عیسی علیہ الصلوۃ والسلام کا بہت احترام ہے۔ہم انہیں اللہ تعالیٰ کا نبی مانتے ہیں بلکہ ہر قوم میں جتنے بھی انبیاء آئے سب کو مانتے ہیں اور ان کی عزت کرتے ہیں۔عیسائیوں کو بھی مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھتے ہوئے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی عزت اور احترام کرنا چاہئے۔جیسا کہ میں نے کہا کہ قیصر کا حوالہ دے کر پوپ صاحب یہ کہتے ہیں کہ سورۃ بقرہ کی آیت 256 کا قیصر کو یقینا علم تھا۔اور یہ آیت لَا إِكْرَاهَ فِي الدِّينِ (البقرہ: 257) ہے۔یعنی دین کے معاملے میں کوئی جبر نہیں ہے۔کہتے ہیں یہ سورۃ ابتدائی سورتوں میں سے تھی۔اتنی ابتدائی بھی نہیں، یہ مدینہ کے ابتدائی ایک دو سال کی ہے۔لیکن قیصر کو بعد کی سورتوں کا بھی علم تھا اور جہاد سے متعلق بعد کی تعلیمات سے بھی واقف تھا۔واقف تو پتہ نہیں وہ تھا یا نہیں لیکن تعصب کی نظر ضرور رکھتا تھا۔کہتے ہیں کہ قرآن میں کفار اور اہل کتاب کے بارے میں مختلف سلوک کرنے کی ہدایت ہے جبکہ مذہب میں جبر کا کوئی تصور نہیں۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیم میں نعوذ باللہ بُری اور غیر انسانی تعلیمات ہی ملیں گی اس کے علاوہ کچھ نہیں ملے گا۔جیسا کہ آپ نے فرمایا ( بقول اُن کے، نعوذ باللہ ) کہ اسلام کو تلوار کے زور سے پھیلایا گیا ہے۔خود ہی ایک بات غلط طور پر منسوب کر کے جس کا اسلام کی تعلیم سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہے، خود ہی یہ فیصلہ صادر کر دیا کہ یہ خلاف عقل باتیں ہیں جو خدا کے انصاف سے متصادم ہیں۔کہتے ہیں کہ ایک ذی عقل کو قوت یاز ور اور ہتھیار در کار نہیں ہیں بلکہ صحیح بات یہ ہے کہ ایک ذی عقل کو ہتھیار اور طاقت کی ضرورت نہیں۔یہ تو انہوں نے بالکل ٹھیک بات کی ہے۔بالکل ضرورت نہیں ہے۔لیکن آجکل کی جو ان کی بڑی بڑی طاقتیں ہیں یہ ہزاروں میل دور بیٹھی ہوئی قوموں کے معاملات میں دخل اندازی کر کے طاقت کا استعمال کیوں کر رہی ہیں ؟ اس کا جواب انہوں نے نہیں دیا۔پہلے یہ لوگ اپنے لوگوں کو سمجھائیں کہ کیا صحیح کر رہے ہیں ، کیا غلط کر رہے ہیں۔پھر عیسائیت کی تاریخ میں جو آپس کی جنگیں ہیں وہ نظر نہیں آتیں؟ وہ کس کھاتے میں ڈالتے ہیں؟ پھر سپین میں جو کچھ ہوا وہ کس کھاتے میں ہے؟ جوانکوئز یشن (Inquisition) ہوئی اس کی تفصیل تو میں یہاں بیان نہیں کرتا ، ان سب کو علم ہے۔اب جو یہ فرماتے ہیں کہ وہ بعد کی تعلیمات سے بھی واقف تھا۔مذہب پھیلانے کے بارے میں اسلام کی تعلیم کیا ہے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا عمل کیا تھا، اس واقف کار کو تو اس کا پتہ نہیں تھا لیکن وہ عمل کیا تھا، وہ میں پیش کرتا ہوں۔