ناموسِ رسالت ؐ پر حملوں کا دفاع — Page 304
304 ہوں۔ان سے یہ بات خوب کھل جائے گی کہ عالم اسلام کے ان در دناک لمحات میں سب سے زیادہ درد کس جماعت کو تھا اور کس کے رہنما نے غیر معمولی شدت کے ساتھ جوابی حملے کئے۔اخبار مشرق“ گورکھپور اپنی اشاعت 23/ ستمبر 1927ء میں لکھتا ہے۔" جناب امام جماعت احمدیہ کے احسانات تمام مسلمانوں پر ہیں" دور حاضر کے قدرناشناس اگر ان کو بھول جائیں تو یہ ان کی مرضی ہے لیکن اخبار مشرق، گورکھپور لکھتا ہے کہ مسلمانوں پر تو بہر حال احسان ہے جو دائرہ مسلمانی سے نکلنا چاہتا ہے اس کی مرضی ہے کہ وہ نکل جائے لیکن قیامت تک ان احسانات کا ذکر مسلمانوں پر احسانات کے طور پر چلتا رہے گا۔اخبار مذکورلکھتا ہے:۔" آپ ہی کی تحریک سے ورتمان پر مقدمہ چلایا گیا۔آپ ہی کی جماعت نے "رنگیلا رسول" کے معاملہ کو آگے بڑھایا ، سرفروشی کی اور جیل خانے جانے سے خوف نہیں کھایا۔آپ ہی کے پمفلٹ نے جناب گورنر صاحب بہادر کو انصاف اور عدل کی طرف مائل کیا۔آپ کا پمفلٹ ضبط کر لیا گیا مگر اس کے اثرات کو زائل نہیں ہونے دیا اور لکھ دیا کہ اس پوسٹر کی ضبطی محض اس لئے ہے کہ اشتعال نہ بڑھے اور اس کا تدارک نہایت ہی عادلانہ فیصلے سے کر دیا اور اس وقت ہندوستان میں جتنے فرقے مسلمانوں میں ہیں سب کسی نہ کسی وجہ سے انگریزوں یا ہندوؤں یا دوسری قوموں سے مرعوب ہورہے ہیں۔یہ آپ کے آزاد اخبارات کی کل کی باتیں ہیں، ان شرفاء کی جن کو انصاف کا کچھ پاس تھا جو تاریخ کو سخ کرنے کے قائل نہیں تھے جو حق بات کو حق کہنے کی جرات رکھا کرتے تھے وہ یہ کہہ رہے تھے۔اخبار مذکور مزید لکھتا ہے : جتنے فرقے مسلمانوں میں ہیں سب کسی نہ کسی وجہ سے انگریزوں یا ہندوؤں یا دوسری قوموں سے مرعوب ہو رہے ہیں صرف ایک احمدی جماعت ہے جو قرونِ اولیٰ کے مسلمانوں کی طرح کسی فرد یا جمعیت سے مرعوب نہیں ہے اور خاص اسلامی کام سرانجام دے رہی ہے۔یہ تو مسلمان اخبار لکھ رہے تھے۔ہندو اخبارات کے نزدیک بھی اس دور میں سب سے زیادہ شدید جوابی حملہ کرنے والے احمدی ہی تھے۔یعنی جن کے ساتھ مقابلہ تھا اب ان کی آواز سنئے اور وہ ہندو اس سے استفادہ کر کے وہی کام کر رہے تھے جو آج احرار کر رہے ہیں۔اُس زمانہ میں ہندو مسلمانوں کو احمدی مسلمانوں سے لڑانے کے لئے بھر پور کوشش کر رہے تھے اور ان کو بار بار یہ بتارہے تھے کہ احمدی غیر مسلم ہیں۔یعنی احرار کا کام اس وقت آریہ سماجیوں نے سنبھالا ہوا تھا اور وہ مسلمانوں کو کہ رہے تھے۔بے وقوفو! احمدی تو غیر مسلم ہیں ان کے پیچھے کیوں لگتے ہو۔ان کے پیچھے لگ کر اپنے رسول کی غیرت کیوں دکھا رہے ہو، یہ جانیں قربان کرتے ہیں تو انہیں مٹنے دو تمہارا (نعوذ بالله من ذالك ) اس رسول سے کیا تعلق جس کی خاطر احمدی سر دھڑ کی بازی لگائے ہوئے ہیں۔چنانچہ اس اخبار کے الفاظ سنیں: