سبیل الرّشاد (جلد چہارم) حصہ دوم

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 467 of 539

سبیل الرّشاد (جلد چہارم) حصہ دوم — Page 467

سبیل الرشاد جلد چہارم حصہ دوم 435 آپ جماعت کے وہ ستون ہیں جن پر ہماری جماعت کی آئندہ آنے والی نسلوں کی تربیت کی ذمہ داری ہے مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ کینیڈا السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ آپ نے مجلس انصار اللہ کینیڈا کے سالانہ نیشنل اجتماع کے لئے پیغام کی درخواست کی تھی۔ اس موقع پر میں آپ سب انصار کو کچھ اہم ذمہ داریوں کی طرف متوجہ کرنا چاہتا ہوں۔ اللہ تعالی نے ہمیں احمدیت کی نعمت سے نوازا ہے۔ یہ اس کا بہت بڑا احسان ہے جس کا شکر ادا کر نا ہم پر فرض ہے۔ مجلس انصار اللہ کے اراکین کی حیثیت سے یہ ذمہ داریاں بہت اہم ہیں۔ آپ جماعت کے وہ ستون ہیں جن پر ہماری جماعت کی آئندہ آنے والی نسلوں کی تربیت کی ذمہ داری ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اس نے جن وانس کو صرف اپنی عبادت کے لئے پیدا کیا ہے۔ پس آپ کو چاہیے کہ اس حکم کو ہمیشہ اپنے سامنے رکھتے ہوئے اپنی عبادتوں کے معیاروں کو بلند کرنے کی کوشش کریں۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں کہ نماز وہ دعا ہے جو جوش اور درد سے مانگی جاتی ہے۔ اپنی نمازوں میں اسی جذبے کو پیدا کریں تا کہ آپ کی دعائیں قبولیت کا درجہ پائیں۔ دوسری اہم ذمہ داری اپنی اولاد کی تربیت ہے۔ اس دور میں جہاں ہر طرف کفر و الحاد پھیلا ہوا ہے آپ کی یہ ذمہ داری ہے کہ اپنی نسلوں کو دین سے جوڑے رکھیں۔ انہیں دین کی صحیح تعلیم دیں اور ان کے سامنے اپنے اعلیٰ اخلاقی نمونے قائم کریں۔ آپ اپنے گھروں کے نگران ہیں اور اپنی اولادوں کی دینی اور اخلاقی تربیت کے ذمہ دار ہیں۔ اس لئے آپ کا فرض ہے کہ ان میں نمازوں کی پابندی، قرآن کریم کی تلاوت اور جماعتی پروگراموں میں شرکت کی عادت ڈالیں۔