سبیل الرّشاد (جلد چہارم) حصہ دوم — Page 384
سبیل الرشاد جلد چہارم حصہ دوم 352 نیز انہوں نے عرض کیا کہ جب انصار کو رپورٹ فارم پر کرنے کا کہا جاتا ہے تو صرف چند انصار پر کر کے واپس بھیجتے ہیں۔ بعض یہ بھی کہتے ہیں کہ مجلس کو کسی سے عبادت کے بارے میں پوچھنے کا حق نہیں کیونکہ یہ بندے اور خدا کا ذاتی معاملہ ہے۔ ان امور پر انہوں نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے راہنمائی کی درخواست کی۔ اس پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا کہ اگر حاضری میں کمی رہتی ہے تو یہ فکر مندی کی بات ہے اور شعبہ تربیت کو مزید متحرک ہونے کی ضرورت ہے۔ حاضری کو بڑھانے کے لئے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا کہ ممبر ان سے feedback اور تجاویز لی جائیں کہ کس قسم کے پروگرام منعقد ہونے چاہئیں۔ اس طریق سے حاضری میں بہتری آسکتی ہے۔ فارم پر کرنے کے حوالے سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا کہ بجائے یہ پوچھنے کے کہ کتنی نمازیں ادا کی ہیں ، ماہانہ رپورٹ فارم میں نماز ادا کرنے کی طرف ترغیب دلائی جائے۔ جیسے ”نماز فرض ہے ، ہمیں امید ہے آپ باقاعدگی سے نماز ادا کرتے ہوں گے ، یا کیا آپ با قاعدہ نمازیں ادا کرتے ہیں ؟؟ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا کہ جماعت کا فرض ہے کہ افراد جماعت کو نمازوں کی طرف ترغیب دلائے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے بار بار نمازوں کی اہمیت کی طرف توجہ دلائی ہے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ایک حدیث کا ذکر کیا جس میں آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میرا دل چاہتا ہے کہ جو لوگ عشاء کی نماز پر مسجد نہیں آتے ان کے گھروں کو آگ لگا دوں۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا کہ انصار کو نماز سے متعلق باقاعدگی سے احادیث بھیجی جائیں تاکہ ان کو یاد دہانی ہوتی رہے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا کہ تربیت کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے اس سے اور بہت سارے مسائل بھی حل ہو جائیں گے ۔