سبیل الرّشاد (جلد چہارم) حصہ دوم — Page 204
سبیل الرشاد جلد چہارم حصہ دوم 172 تبلیغ کے لئے تدبیر اور دعا کو کتنا کتنا وقت دینا چاہیے ایک دوست نے عرض کیا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ارشاد فرمایا ہے کہ کامیابی کے لئے تدبیر کے ساتھ دعا بھی ضروری ہے۔ اس سلسلہ میں سوال یہ ہے کہ تبلیغ میں کامیابی کے لئے تدبیر اور دعا کو کتنا کتنا وقت دینا چاہیے ؟ فرمایا: حدیث میں آتا ہے کہ اونٹ کے پاؤں باندھ کر پھر تو گل کرو۔ یہی بات تدبیر میں ہے۔ صرف کوشش کو کافی نہ سمجھا جائے ۔ اِيَّاكَ نَعْبُدُ وَإِيَّاكَ نَسْتَعِينُ میں یہی بتایا ہے کہ اللہ کی مدد کے بغیر انسان کوشش بھی نہیں کر سکتا اور خدا کی مدد کے حصول کے لئے دعا ضروری ہے اور دعا کے لئے نماز پنجوقتہ ضروری ہے۔ پھر فرمایا کہ : حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے کتابیں لکھیں یہ تدبیر تھی اور ساتھ دعائیں بھی کیں۔ آپ کو الہام ہوا: ” میری نمازوں سے تیرے کام افضل ہیں۔“ (ضمیمہ تذکرہ الہام نمبر 160۔ تذکرہ ایڈیشن سوم صفحہ 806) یہ اللہ تعالیٰ نے اس لئے فرمایا کیونکہ آپ یہ سب دینی کام خدا تعالیٰ کے لئے کر رہے تھے۔ پھر فرمایا: جہاں تک یہ سوال ہے کہ تدبیر اور دعا کو کتنا کتنا وقت دیا جائے، یہ حالات پر منحصر ہے۔ کبھی تبلیغ پر زیادہ وقت لگتا ہے اور کبھی دعا پر۔ اصل مطلب یہ ہے کہ فتح دعاؤں سے ہو گی لیکن کوشش اور دعا دونوں ضروری ہیں۔ فرمایا: حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تہجد کی دعائیں ایسی تھیں کہ انسان اس کے حسن کا اندازہ نہیں کر سکتا اور ساتھ 83 سے زائد کتابیں بھی لکھیں، لیکچر بھی دیئے۔ مجالس میں بھی خطاب فرمائے۔ پس تبلیغ میں کامیابی کے لئے پانچوں نمازوں، نوافل اور تہجد میں دعائیں کریں۔ اسی طرح چلتے پھرتے دعا کریں۔