حقائق الفرقان۔۲۰۲۴ء ایڈیشن (جلد ۴) — Page 185
حقائق الفرقان ۱۸۵ سُورَةُ النُّورِ سُورَةُ النُّورِ مَدَنِيَّةٌ بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ - ہم سورۃ النور کو پڑھنا شروع کرتے ہیں اللہ کے نام سے جو سب خوبیاں ہی رکھتا ہے اور برائیوں سے بالکل پاک ہے اور محض فضل سے رحم فرمانے والا اور محنت کا بدلہ بھی دینے والا ہے۔ سورہ نور میں تمیز کا بیان ہے اور یہ کہ مطاعن سے بچنا چاہیے اور ان کے اسباب سے بھی ۔ اور رسول کے ساتھیوں کا مقابلہ نہیں کرنا چاہیے۔ خلافت پر بڑا زور دیا گیا ہے۔ کوئی سورۃ ایسی نہیں جس کے پہلے یہ لکھا ہو کہ ہم نے تم پر یہ حکم واجب یا فرض کیا ہے۔ یہ تاکید اس سورۃ کے ساتھ مخصوص ہے۔ خوب غور سے سنوا اور عمل کرو۔ میرے ایک پیر شاہ عبدالغنی صاحب مہاجر فرماتے تھے کہ سورہ نور قرآن شریف میں ہے۔ مگر ہندوستان کے لوگ اس پر عمل نہیں کرتے ۔ اور اس کے ایک ٹکڑے کی طرف بھی متوجہ نہیں ۔ ( سورہ ) مومنون کے اخیر میں یہ اشارہ فرمادیا ہے کہ اس آنے والی سورۃ کے احکام پر جو عمل نہیں کریں گے۔ ان کو ہم مظفر و منصور کبھی نہ کریں گے۔ چنانچہ دیکھ لو ہندوستان کے مسلمانوں کا کیا حال ہے۔ (ضمیمه اخبار بدر قادیان جلد ۹ نمبر ۳۷ مورخہ ۷ جولائی ۱۹۱۰ ءصفحہ ۱۸۱) میرے ایک شیخ تھے۔ حضرت شاہ عبدالغنی صاحب نام مجدّ دی۔ اور میں نے ان کے ہاتھ پر بیعت کی تھی ۔ اور اب تک ان کا معتقد ہوں۔ وہ فرماتے تھے کہ ہندوستان کے مسلمانوں نے اس سورۃ میں سے ایک آیت پر بھی عمل نہیں کیا اور میرا بھی اتنی عمر کا تجربہ ہے کہ یہ بات درست ہے۔ اس واسطے اس سورۃ کو بہت غور اور توجہ سے سننا چاہیے اور اس پر عمل کرنے کی سعی کرنی چاہیے۔ ( بدر جلد ا نمبر ۱۴ مورخہ ۶ جولائی ۱۹۰۵ ء صفحہ (۳)