ناموسِ رسالت ؐ پر حملوں کا دفاع

Page 312 of 516

ناموسِ رسالت ؐ پر حملوں کا دفاع — Page 312

312 اے خدام الاحمدیت ! آؤ محمد کے دین کے محافظ بن جاؤ حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: "اے خدام الاحمدیت! آج مسیح زمان تمہیں کہہ رہا ہے کہ آؤ اور اپنی حالتوں میں پاک تبدیلیاں پیدا کرتے ہوئے محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے دین کے محافظ بن جاؤ۔آج جب اپنوں کی ، امت کی اکثریت کی بد عملیوں نے اسلام کو بدنام کیا ہوا ہے۔آج جب غیروں نے ہر طرف سے اسلام اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات پر حملوں کی تابڑ توڑ بھر مار کی ہوئی ہے تو آج احمدی ہی ہے، احمدی نوجون ہی ہے جس نے مسیح محمدی کی قیادت میں اسلام کی برتری دنیا پر ثابت کرنی ہے۔آج اسلام اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی حفاظت کے لئے طلحہ جیسے ہاتھوں کی ضرورت ہے۔وہ جو 27 ، 28 سال کا نوجوان تھا جس نے احد کی جنگ میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے چہرے کے سامنے اپنا ہاتھ رکھ کر تیروں کو روکا اور تیروں سے زخمی ہونے کے باوجود اس لئے اف نہیں کی کہ کہیں اف کرنے سے ہاتھ اپنی جگہ سے ہل نہ جائے۔آج اسلام اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی حفاظت کے لئے ابو دجانہ جیسے بہادروں کی ضرورت ہے جنہوں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی تلوار کا حق ادا کر دیا جب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں اپنی تلوار عنایت فرمائی۔اور پھر جنہوں نے اپنا جسم آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے جسم کے سامنے کھڑا کر لیا یہاں تک کہ تیروں کی بارش سے ان کا جسم چھلنی ہو گیا۔گو آج زمانہ تیروں کے حملوں سے حفاظت کا نہیں ہے۔یہ زمانہ تلوار چلانے کا نہیں ہے۔لیکن آج بھی اسلام اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے دفاع کے لئے اس جوش اور جذبے کی ضرورت ہے جو ہمارے اسلاف نے دکھلایا تھا۔اس زمانے میں پاک تبدیلیاں پیدا کرتے ہوئے ، نیکیوں میں آگے بڑھتے ہوئے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے علم کلام سے لیس ہونے کی ضرورت ہے تا کہ اسلام پر کئے گئے ہر وار کا مقابلہ کیا جائے اور کوئی تیر آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کے چہرے اور جسم تک نہ پہنچنے دیا جائے " خطاب بر موقع سالانہ اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی 18 ستمبر 2011ء)