مکتوبات احمد (جلد پنجم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 77 of 563

مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 77

مکتوبات احمد جلد مکتوب نمبر ۵ بطرف مولوی سید محمد احسن صاحب امروہی بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَنُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ خدا آپ کو امراض بدنی و روحانی سے نجات بخشے ۔ ہمت کو بلند کرو اور نظر اٹھا کر دیکھو کہ دنیا جس کے لئے انسان مرتا ہے اور کاہلی اختیار کرتا ہے کس قدر ثبات و استحکام رکھتی ہے کیا حباب کی طرح نہیں جس کے عدم اور وجود کا گویا ایک ہی زمانہ ہے۔ خدا تعالیٰ سے ہر وقت بصیرت چاہو ۔ تا وہ دنیا کی بے ثباتی ظاہر کرے اور قوت چاہو تا اس کی طرف قدم اٹھا سکو۔ انسان کو اس سے کیا فائدہ کہ وہ ایک عرصہ اور مدت دراز اپنے اہل وعیال میں امن اور خوشی اور راحت کے گزارے اور پھر آخر کار خالی ہاتھ جائے ۔ شیطان انسان کا سخت دشمن ہے اور پھر وہی فتح پاتا ہے جو خدا تعالیٰ سے بیعت الموت کرے ۔ جو بیعت الموت خدا تعالیٰ سے کرتا ہے۔ اس کو غیبی قوت ملتی ہے اور جس طرح ستارے بے ستون کھڑے ہیں اور گرتے نہیں ۔ اسی طرح وہ بھی خدا تعالیٰ کے عہد پر کھڑا رہتا ہے اور گرتا نہیں ۔ بے آرامی میں رہو جب تک سچا آرام نہ پاؤ۔ دنیا میں ایسے لوگ بہت ہیں کہ اسلام کی حقیقت سے بے خبر اور اسلام کی صورت پر ناز کر رہے ہیں ۔ مگر تمام حقیقت اسلام کی یہی ہے کہ انسان بکلی خدا کی طرف چلا آوے ۔ اور جان اور مال اور اہل و عیال وغیرہ لوازم زندگی میں سے کوئی چیز اس کے روکنے والی نہ ہو۔ لَنْ تَنَالُوا الْبِرَّ حَتَّى تُنْفِقُوا مِمَّا تُحِبُّونَ * والسلام خاکسار غلام احمد عفی عنہ د عفی عنہ ال عمران: ۹۳ الحکم نمبر ۲۶ جلد ۳۸ مورخه ۲۱ جولائی ۱۹۳۵ صفحہ۱۱ الفضل نمبر ۱۶۱ جلد ۳۴ مورخه ۱۱ جولائی ۱۹۴۶ء صفحه ۳