مکتوبات احمد (جلد پنجم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 78 of 563

مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 78

مکتوبات احمد ۷۸ مکتوب نمبر ۶ محبتی مکرمی اخویم جلد السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ عنایت نامہ پہنچا۔ اشتہارات آپ کی خدمت میں بھیجے گئے ہیں ۔ یہ عاجز آپ کے لئے دعا کرنے سے غافل نہیں ۔ اللہ جل شانہ جب چاہے گا تو کوئی ایسا وقت آ جائے گا کہ دعا کی جائے گی اور قبول ہو جائے گی ۔ ذوق اور بے ذوقی کی حالت میں جس طرح ہو سکے اعمالِ صالحہ کی بجا آوری میں لگے رہیں جب انسان پختہ عہد کر کے ثابت قدمی سے طاعت الہی میں مشغول ہوتا ہے تو بے ذوقی سے ذوق اور بے حضوری سے حضور پیدا ہو جاتا ہے۔ نماز میں سورہ فاتحہ کی دعا کا تکرار نہایت موثر چیز ہے کیسی ہی بے ذوقی اور بے مزگی ہو اس عمل کو برابر جاری رکھنا چاہیے۔ یعنی کبھی تکرار آیت إِيَّاكَ نَعْبُدُ وَ إِيَّاكَ نَسْتَعِينُ کا اور کبھی تکرار آیت اهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِيمَ کا اور سجدہ میں يَا حَيُّ يَا قَيُّومُ بِرَحْمَتِكَ اَسْتَغِيْتُ - زندگی کا ذره اعتبار نہیں اور دنیا کی خواب گاہ نہایت دھوکا دینے والی چیز ہے ۔ رات کو دعا کر و صبح کو دعا کرو کبھی جنگل میں جا کر دعا کرو۔ کبھی جماعت کے ساتھ اور کبھی خلوت میں دروازے بند کر کے دعا کرو تا خدا تعالیٰ نفس امارہ سے آزادی بخشے ۔ جہاں تک ہو سکے گریہ وزاری کی عادت ڈالو کہ رونے والوں پر اس کو رحم آتا ہے کوشش کرو کہ تا خدا تعالیٰ کے روبرو ایسے صاف و پاک ہو جاؤ کہ جیسے قرآن شریف کی ہدایتوں کے رو سے اس کا منشاء ہے۔ کاہلی کچھ چیز نہیں اور بے مجاہدہ کوئی کسی منزل تک پہنچ نہیں سکتا ۔ ۱۶ جون ۱۸۸۹ء والسلام خاکسار غلام احمد عفی عنہ الفضل نمبر ۱۶۱ جلد ۳۴ مورخه ۱۱ جولائی ۴۶ صفحه ۳