مکتوبات احمد (جلد پنجم)

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 471 of 563

مکتوبات احمد (جلد پنجم) — Page 471

مکتوبات احمد ۴۷۱ جلد پنجم مکتوب بنام مولوی نظیر حسین سخا صاحب دہلوی قبلہ و کعبہ مد ظلكم العالی حضور کے پابوس کا از حد شوق تھا الحمد للہ کہ شرف زیارت حاصل ہوا۔ حاجت ہے تو صرف یہ ہے کہ کچھ ہدایت فرمائی جاوے تا کہ حضوری حاصل ہو اور خدا کی طرف دل لگے ۔ اگر اسی پر جواب سے سرفرازی ہو تو یہ دستاویز عزت ہمیشہ حرز جان رہے گی ۔ زیادہ حد آداب ۔ فقط ۔ عریضه نظیر حسین سخاد هلوی جواب حضرت اقدس السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاته طریق یہی ہے کہ نماز میں اپنے لئے دعا کرتے رہیں اور سرسری اور بے خیال نماز پر خوش نہ ہوں بلکہ جہاں تک ممکن ہو توجہ سے نماز ادا کریں اور اگر توجہ پیدا نہ ہو تو پنج وقت ہر یک نماز میں خدا تعالیٰ کے حضور میں بعد ہر ایک رکعت کے کھڑے ہو کر یہ دعا کریں کہ اے خدائے قادر ذوالجلال میں گنہگار ہوں اور اسقدر گناہ کی زہر نے میرے دل اور رگ وریشہ میں اثر کیا ہے کہ مجھے رقت اور حضور نماز حاصل نہیں ہو سکتا تو اپنے فضل و کرم سے میرے گناہ بخش اور میری تقصیرات معاف کر اور میرے دل کو نرم کر دے اور میرے دل میں اپنی عظمت اور اپنا خوف اور اپنی محبت بٹھا دے تا کہ اس کے ذریعہ سے میری سخت دلی دور ہو کر حضور نماز میں میسر آوے اور یہ دعا صرف قیام پر موقوف نہیں بلکہ رکوع میں اور سجود میں اور التحیات کے بعد بھی یہی دعا کریں اور اپنی زبان میں کریں اور اس دعا کے کرنے میں ماندہ نہ ہوں اور تھک نہ جاویں بلکہ پورے صبر اور پوری استقامت سے اس دعا کو پنج وقت کی نمازوں میں اور نیز تہجد کی نماز میں کرتے رہیں اور بہت بہت خدا تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی معافی چاہیں کیونکہ گناہ کے باعث دل سخت ہو جاتا ہے ایسا کرو گے تو ایک وقت یہ مراد حاصل ہو جائے گی۔ مگر چاہئے کہ اپنی موت یا درکھیں آئندہ زندگی کے دن تھوڑے سمجھیں اور موت قریب سمجھیں یہی ☆ طریق حضور حاصل کرنے کا ہے۔ الحکم نمبر ۱۷ جلد ۸ مورخه ۲۴ رمئی ۱۹۰۴ ء صفحه ۲ والسلام