مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 413
مکتوبات احمد ۴۱۳ جلد دوم اور دوسرے یہ اشارہ معلوم ہوتا ہے کہ میری دعائیں آپ کو نصرت کا کام دیں گی ۔ ایسا ہی آپ کو میر ناصر نواب صاحب نظر آئے اس میں بھی نصرت کا لفظ ہے اور میرا بیٹا بھی آپ کو نظر آنا بشارت ہے کیونکہ دعا بجائے بیٹے کے ہوتی ہے گویا وہ دعا اول ایک ہندو کے پاس محبوس تھی یعنی اس کے ظہور کا وقت نہیں آیا تھا اور اب وقت قریب ہے۔ غرض ہر ایک جز اس خواب کی بہت مبارک ہے ۔ آپ کو چاہئے کہ مرد میدان اور پہلوان بن کر اب چند روز کی ابتلاؤں کو برداشت کر لیں ۔ انشاء اللہ آسمان پر سے آپ کے لئے کوئی راہ نکل آئے گی اور حلوا پہنچ گیا ہے خدا تعالیٰ آپ کو بہت بہت جزائے خیر دے کہ مدراس کا رزق قادیان پہنچا دیا ۔ حلوا بظاہر باعث شدت موسم گر ما خراب ہو گیا اور اس پر وہ زنگ جیسا شیرینی پر چڑھ جاتا ہے ایسا چڑھ گیا تھا کہ شیرینی پھینکنے کے لائق معلوم ہوتی ہے۔ بعض نے کہا اب قابل استعمال نہیں لیکن ایک خادمہ نے کہا کہ میں اس کو نئے سرے سے بنا دیتی ہوں ۔ پھر خبر نہیں کہ اس نے کیا کیا ، ایسی عمدہ شیرینی بطور قرص بنالائی کہ نہایت لذیذ تھی ۔ اسی وقت تمام اہل و عیال میں تقسیم کی گئی۔ چونکہ بھیجنے والوں نے محبت اور ارادت سے بھیجی تھی اس لئے خدا نے شیرینی کو بگڑنے اور بیکار ہونے سے محفوظ رکھا ۔ خدا اُن کو جزائے خیر بخشے اور آپ کو جزائے خیر بخشے آمین ۔ باقی سب طرح خیریت ہے۔ طاعون کا اس علاقہ میں پھر زور ہوتا جاتا ہے۔ کوہ کسولی پر طاعون زور سے شروع ہو گئی ۔ بعض سرکاری خبروں سے معلوم ہوا کہ احاطہ بمبئی میں ہماری جماعت دس ہزار سے بھی کچھ زیادہ ہے اور پنجاب میں اونچاس ہزار ہماری جماعت ہے۔ ابھی سرکاری کا غذات ہم کو نہیں ملے ۔ کوشش کی جاتی ہے کہ ان کی نقل مل جائے ۔ والسلام خاکسار مرزا غلام احمد