مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 358
مکتوبات احمد ۳۵۸ جلد دوم مکتوب نمبر ۳۲ مخدومی مکرمی اخویم سیٹھ صاحب سلمہ ۔السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکا ئے۔ کل کی تاریخ مبلغ ایک سوروپیہ مرسلہ آئمکرم ڈاک کی معرفت مجھ کو ملا ۔ جزاكم الله خيرًا ۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ہر ایک متردّد سے نجات بخشے ۔ بہو کی بیماری بھی بہت تردد کی جگہ ہے ۔ اللہ جل شانہ ان کو شفا عطا فرماوے آمین ثم آمین ۔ یہ عاجز قریباً دس روز سے بیمار ہے،نزلہ اور کھانسی اور زکام کا اس قدر غلبہ ہے کہ طبیعت پریشان ہے اور رات کو نیند نہیں آتی گو میں اب بھی آپ کے تردّدات اور بیماری بہو کے لئے دعا کرتا ہوں مگر جس وقت اللہ جل شانہ نے مجھے شفا بخشی تب نہایت توجہ سے دعا کروں گا ۔ اس وقت صحت کی حالت ایسی خراب ہے کہ بعض وقت زندگی کا خاتمہ معلوم ہوتا ہے مگر اللہ تعالیٰ پر ہر طرح سے بھروسہ ہے۔ وہ قادر اور کریم اور رحیم ہے ۔ میں نے جو دعا اور طاعون کے بارے میں ایک رسالہ شروع کیا تھا اسی بیماری کی وجہ سے اس میں توقف ہو گیا ۔ کیونکہ نہایت ضعف اور سیلان دماغ کی وجہ سے میں تحریر سے عاجز ہوں ۔ امید کہ حالات خیریت آیات سے مجھے مطلع فرماتے رہیں ۔ میں اس وقت زیادہ طاقت نہیں رکھتا ۔ گلا بھی پکا ہوا اور گلٹیاں سی معلوم ہوتیں ہیں ۔ ۱۰ مارچ ۱۸۹۸ء والسلام خاکسار مرزا غلام احمد ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔