مکتوبات احمد (جلد دوم) — Page 271
مکتوبات احمد ۲۷۱ جلد دوم مکتوب نمبر ۶۳ ملفوف بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَ نُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ عزیزہ سعیدہ ۔ السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ میں نے آپ کا خط غور سے پڑھ لیا ہے اور جس قدر آپ نے اپنی عوارض لکھی ہیں ، غور سے معلوم کر لئے ہیں ۔ انشاء اللہ صحت ہو جائے گی ۔ میں نہ صرف دوا بلکہ آپ کے لئے بہت توجہ سے دعا بھی کرتا ہوں ۔ مجھے امید ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو پوری شفاء دے گا ۔ یہ تجویز جو شروع ہے۔ آپ کم سے کم چالیس روز تک اس کو انجام دیں اور دوسرے وقت کی دوا میں آپ ناغہ نہ کریں ۔ وہ بھی خون صاف کرتی ہے اور دل کی گھبراہٹ کو دور کرتی ہے اور آنکھوں کو بھی مفید ہے۔ مگر آپ بیچ میں ناغہ کر دیتے ہیں ۔ جیسا کہ کل آپ نے دوا نہیں پی ۔ ناغہ نہیں ہونا چاہئے اور نیز مصالحہ ۔ مرچیں اور لونگ اور لہسن وغیرہ نہیں کھانا چاہئے یہ آنکھوں کے لئے بھی مضر ہیں ۔ آپ کے لئے یہ غذا چاہئے ۔ انڈا۔ دودھ ۔ پلاؤ گوشت ڈال کر ۔ گوشت جس میں کچھ سبزی ہو ۔ ثقیل یعنی بوجھل چیزوں سے پر ہیز چاہئے ۔ بہت میٹھا یعنی شیرینی نہیں کھانی چاہئے ۔ ایک جگہ بیٹھے نہیں رہنا چاہئے ۔ کچھ حرکت چاہئے ۔ عمدہ ہوا ربیع کی لینی چاہئے ۔ غم نہیں کرنا چاہئے ۔ اس علاج سے پھنسیاں وغیرہ انشاء اللہ دور ہو جائیں گی ۔ والسلام خاکسار مرزاغلام احمد عفی عنہ