خطبات مسرور (جلد 19۔ 2021ء) — Page 17
خطبات مسرور جلد 19 17 خطبه جمعه فرمودہ مورخہ 01 جنوری 2021ء توہین رسالت کے جس قانون کے تحت یہ لوگ احمدیوں پر ظلم کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور احمدیوں کی اپنی تربیت کے لیے جو بھی ہمارے بعض ذرائع ہیں ہر ذریعہ پر پابندی لگانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس کو اللہ تعالیٰ جلد ان سے دُور فرمائے اور ہمیں ان سے نجات دلائے۔اصل میں تو رحمتہ للعالمین کے نام کو یہ بد نام کرنے والے لوگ ہیں۔احمدی تو ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے ہیں۔آج دنیا کو محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے جھنڈے کے نیچے لانے والے سب سے زیادہ کام بلکہ حقیقی کام احمدی کر رہے ہیں بلکہ کہنا چاہیے کہ اگر کوئی یہ کام کر رہا ہے تو وہ صرف احمدی ہیں۔پس یہ دنیا دار دنیاوی حکومت اور دولت کے بل بوتے پر ہم پر ظلم تو کر سکتے ہیں لیکن یہ یادر کھیں کہ ہم اس خدا کو ماننے والے ہیں جو نِعْمَ الْمَوْلى وَنِعْمَ النَّصِيرُ ہے۔وہ خدا ہے جو نِعْمَ الْمَوْلٰی ہے اور نِعْمَ النَّصِيرُ ہے۔یقیناً اس کی مدد آتی ہے اور ضرور آتی ہے اور اس وقت پھر ان دنیا داروں اور اپنے زعم میں طاقت اور ثروت رکھنے والے جو لوگ ہیں ان کی پھر خاک بھی نظر نہیں آتی جب اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت آتی ہے۔پس ہمارا کام ہے کہ دعاؤں سے اپنی عبادتوں کو مزید سجائیں اور اگر ہم یہ کر لیں گے تو پھر ہی ہم کامیاب ہیں۔الجزائر کے بارے میں میں نے کہا تھا کہ سب کو بری کر دیا گیا ہے۔وہاں ایک کورٹ نے، ایک عدالت نے سب کو بری کیا تھا۔دوسرے نے بھی معمولی جرمانہ کر کے تقریباً ساروں کو فارغ کر دیا لیکن اس کے باوجو د بھی وہاں ابھی کچھ لوگ ہیں جو جیل میں اسیر ہیں۔ان کے لیے بھی دعا کریں کہ ان کی جلد رہائی کے سامان ہوں۔پاکستان کے اسیروں کی رہائی کے لیے بھی دعا کریں۔ہماری خوشیاں چاہے وہ سال کے شروع کی ہوں یا عید کی، اصل تو اس وقت ہوں گی جب ہم دنیا میں ہر طرف اللہ تعالیٰ کی توحید کا جھنڈ الہر انے والے بنیں گے جسے لے کر حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم آئے تھے۔خوشیاں اس وقت ہوں گی جب انسانیت ما انسانی قدروں کو پہچاننے والی بنے گی۔جب آپس کی نفرتیں محبتوں میں بدل جائیں گی۔اللہ تعالیٰ اس خوشی کے سامان بھی ہمیں جلد پہنچائے۔مسلم امہ کو بھی عقل دے کہ وہ آنے والے مسیح موعود اور مہدی معہود کو مان لیں۔دنیا کو بھی عقل دے کہ وہ اللہ تعالیٰ اور اس کے بندوں کے حقوق ادا کرنے کی طرف توجہ دینے والے ہوں۔اللہ تعالیٰ ہر ملک میں ہر احمدی کو اپنی حفظ و امان میں رکھے اور یہ سال ہر احمدی کے لیے، ہر انسان کے لیے رحمتوں اور برکتوں کا سال بن کر آئے اور جو کو تاہیاں اور کمیاں گذشتہ سالوں میں ہم سے ہو گئیں جو اللہ تعالیٰ کی ناراضگی کا باعث بنیں یا ہمیں بعض انعاموں سے محروم رکھنے کا باعث بنیں ان سے اللہ تعالیٰ ہمیں بچائے اور اپنے انعاموں کا اور فضلوں کا وارث بنائے اور ہم حقیقی مومن بن جائیں۔اللہ تعالیٰ ہمیں ان دعاؤں کی بھی توفیق عطا فرمائے۔الفضل انٹر نیشنل مورخہ 22 / جنوری 2021 ، جلد 28 شمارہ 07 صفحه 05 تا11)