خطبات مسرور (جلد 16۔ 2018ء)

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 84 of 728

خطبات مسرور (جلد 16۔ 2018ء) — Page 84

84 خطبات مسرور جلد 16 خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 16 فروری 2018 دنیاداری نے اس قدر معاشرے میں عمومی طور پر اپنے پنجے گاڑ دیئے ہیں کہ بعض نوجوان اس سے متاثر ہو جاتے ہیں۔پس یہ دعائیں جب ہم اپنے پر پھونکیں تو ساتھ ہی اپنے بچوں پر بھی پھونکیں تاکہ ہر قسم کے شرور سے ہماری نسلیں بھی محفوظ رہیں اور دین پر قائم رہنے والی اور خد اتعالیٰ کی وحدانیت کو سمجھنے والی ہوں۔اللہ تعالیٰ کرے کہ ہم میں سے ہر ایک ان سورتوں کے مضمون کو سمجھتے ہوئے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت پر عمل کرنے والا ہو۔خدا تعالیٰ کی وحدانیت کا مضمون ہم پر واضح ہو۔اس کے علاوہ کسی اور کے آگے ہم جھکنے والے نہ ہوں۔اسی کو سب طاقتوں کا سر چشمہ سمجھیں۔نہ صرف دل میں بلکہ ہر عمل سے اسے ثابت کریں کہ اللہ تعالیٰ ہی سب طاقتوں کا سر چشمہ ہے۔ہر روشنی کا منبع ہے۔اور ہر فیض کا دینے والا ہے۔مخلوق کے شر سے بچنے کے لئے اللہ تعالیٰ کے آگے جھکیں بجائے اس کے کہ مخلوق سے امید رکھیں۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو مان کر ہم نے جس روشنی کو حاصل کر لیا ہے جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے حقیقی نور کا پر تو ہے اللہ تعالیٰ سے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس پر ہمیشہ قائم رکھے اور کبھی ہم اندھیروں اور ظلمات میں بھٹکنے والے نہ ہوں۔اور اللہ تعالیٰ کے انعاموں میں سے جو خلافت کا انعام ہمیں ملا ہے اس سے ہم ہمیشہ وابستہ رہیں۔ہر نقصان پہنچانے والے کے شر سے اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی پناہ میں رکھے چاہے وہ دینی شر ہے یا دنیاوی شر ہے۔ہر حاسد کے حسد سے اور اس کے نقصانات سے اللہ تعالیٰ ہمیں محفوظ رکھے۔ہمیشہ خدا تعالیٰ کو ہی اپنا رب اور اپنا پالنے والا سمجھ کر ہم اس کی پناہ میں رہیں۔سب بادشاہوں سے افضل خدا تعالیٰ کو سمجھیں اور اس کی مالکیت پر کامل یقین رکھنے والے ہوں۔اس معبود حقیقی کی عبادت کے بھی حق ادا کرتے ہوئے ہر دم اس کی پناہ میں آنے کی کوشش کریں۔وسوسے پیدا کرنے والوں کے شر سے بچیں۔اس سے اللہ تعالیٰ کی پناہ میں آئیں۔اپنے دلوں کو بھی ہر وسوسے سے پاک رکھنے کی کوشش رکھیں اور اس کے لئے اللہ تعالی کی پناہ طلب کرتے رہیں۔اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے اور ہم باقاعدگی سے سونے سے پہلے یہ آیات پڑھ کر ، ان دعاؤں کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم کے مطابق اپنے پر پھونکنے والے ہوں۔اللہ تعالیٰ اس کی توفیق دے۔الفضل انٹر نیشنل مورخہ 09 مارچ 2018ء تا 15 مارچ2018ءجلد 25 شمارہ 10 صفحہ 05 تا08)