خطبات مسرور (جلد 16۔ 2018ء) — Page 519
خطبات مسرور جلد 16 519 خطبه جمعه فرمودہ مورخہ 26 اکتوبر 2018 فرمایا " خوب یاد رکھنا چاہئے کہ خدا تعالیٰ کی بعض باتوں کو نہ مانا اس کی سب باتوں کو ہی چھوڑنا ہوتا ہے۔اگر ایک حصہ شیطان کا ہے اور ایک اللہ کا تو اللہ تعالیٰ حصہ داری کو پسند نہیں کرتا۔یہ سلسلہ اس کا اسی لئے ہے کہ انسان اللہ تعالیٰ کی طرف آوے۔اگر چہ خدا کی طرف آنا بہت مشکل ہوتا ہے اور ایک قسم کی موت ہے مگر آخر زندگی بھی اسی میں ہے۔جو اپنے اندر سے شیطانی حصہ نکال کر پھینک دیتا ہے وہ مبارک انسان ہوتا ہے اور اس کے گھر اور نفس اور شہر سب جگہ اس کی برکت پہنچتی ہے لیکن اگر اس کے حصہ میں ہی تھوڑا آیا ہے تو وہ برکت نہ ہو گی۔جب تک بیعت کا اقرار عملی طور پر نہ ہو بیعت کچھ چیز نہیں ہے۔جس طرح سے ایک انسان کے آگے تم بہت سی باتیں زبان سے کرو مگر عملی طور پر کچھ بھی نہ کرو تو وہ خوش نہ ہو گا۔اسی طرح خدا کا معاملہ ہے۔وہ سب غیرت مندوں سے زیادہ غیرت مند ہے۔کیا ہو سکتا ہے کہ ایک تو تم اس کی اطاعت کرو پھر ادھر اس کے دشمنوں کی بھی اطاعت کرو اس کا نام تو نفاق ہے۔انسان کو چاہئے کہ اس مرحلے میں زید و بکر کی پرواہ نہ کرے۔مرتے دم تک اس پر قائم رہو۔" یعنی دین کو دنیا پر مقدم کرنے کے عہد پر۔فرمایا " بدی کی دو قسمیں ہیں ایک خدا کے ساتھ شریک کرنا، اس کی عظمت کو نہ جاننا، اس کی عبادت اور اطاعت میں کسل کرنا دوسر یہ کہ اس کے بندوں پر شفقت نہ کرنا، ان کے حقوق ادانہ کرنے۔اب چاہئے کہ دونو قسم کی خرابی نہ کرو، خدا کی اطاعت پر قائم رہو۔جو عہد تم نے بیعت میں کیا ہے اس پر قائم رہو۔خدا کے بندوں کو تکلیف نہ دو۔قرآن کو بہت غور سے پڑھو۔اس پر عمل کرو۔ہر ایک قسم کے ٹھٹھے اور بیہودہ باتوں اور مشرکانہ مجلسوں سے بچو۔پانچوں وقت نماز کو قائم رکھ غرضکہ کوئی ایسا حکم الہی نہ ہو جسے تم ٹال دو۔بدن کو بھی صاف رکھو اور دل کو ہر ایک قسم کے بے جا کینے، بغض و حسد سے پاک کرو۔یہ باتیں ہیں جو خدا تم سے چاہتا ہے۔" ( ملفوظات جلد 5 صفحہ 75-76) اللہ تعالیٰ کرے کہ ہم بیعت کا حق ادا کرتے ہوئے اپنے اندر پاک تبدیلیاں پیدا کرنے والے بنیں۔دنیا میں رہتے ہوئے دین کو دنیا پر مقدم کرنے کا عہد پورا کرنے والے ہوں۔آپ علیہ السلام کے ارشادات پر عمل کرنے والے ہوں اور جو شرائط بیعت میں دسویں شرط ہے اطاعت بالمعروف کی آپ کی اطاعت کی اس کا حقیقی مفہوم سمجھتے ہوئے اطاعت کے اس معیار کو پہنچنے والے ہوں تاکہ اللہ تعالیٰ کے ان فضلوں کے وارث بنیں جن کا وعدہ اللہ تعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام سے فرمایا ہے۔الفضل انٹر نیشنل مورخہ 09 نومبر 2018 ء تا 15 نومبر 2018ء جلد 25 شمارہ 45 صفحہ 05تا09)