خطبات مسرور (جلد 16۔ 2018ء) — Page 497
خطبات مسرور جلد 16 497 خطبه جمعه فرمودہ مورخہ 12 اکتوبر 2018 بشارت نوید صاحب مربی سلسلہ ہیں اور آج کل جزیرہ ری یونین میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ان کے داماد حافظ بد الحلیم صاحب بھی ربوہ میں مربی ہیں۔نواسے بھی ایک مربی ہیں اور دونو اسے حافظ قرآن بھی ہیں۔ایک پوتا ان کا یہاں یو کے جامعہ میں پڑھ رہا ہے۔عام طور پر ان مربیان کی والدہ کا میں جنازہ پڑھاتا ہوں جو مربیان میدان عمل میں ہوں اور اپنے والدین کے یا والد یا والدہ کے جنازے پر شامل نہ ہو سکتے ہوں۔بشارت نوید صاحب بھی میدان عمل میں تھے اور ان کی وفات پر وہاں پہنچ نہیں سکے تھے اس لئے ان کی والدہ کا بھی جنازہ غائب میں نے آج پڑھانے کے لئے رکھا ہے۔بشارت نوید صاحب لکھتے ہیں کہ جامعہ احمدیہ مکمل کرنے کے بعد جب میں میدان عمل میں گیا تو ایک مرتبہ گھر واپس آیا تو صبح کی نماز کے لئے مسجد نہیں جاسکا۔اس پر مجھے کہنے لگی کہ بیٹا تم جب جہاں اپنی پوسٹنگ ہے وہاں ہوتے ہو تو تمہیں لوگ دیکھتے ہیں اور شاید تم لوگوں کی وجہ سے مسجد میں چلے جاتے ہو لیکن یاد رکھو یہاں تمہیں خدا دیکھ رہا ہے اس لئے ہمیشہ نمازوں کی طرف توجہ رکھو اور یہ دیکھتے رہو کہ خدا تمہیں دیکھ رہا ہے۔کہتے ہیں کہ میں جامعہ میں پڑھ رہا تھا تو والد صاحب کی اچانک وفات ہو گئی۔بڑے بھائی بیرون ملک جا چکے تھے۔بڑی ہمت سے انہوں نے گھر کو سنبھالا۔کہتے ہیں ایک دن میں نے مذاق سے ان کو کہہ دیا کہ جماعت کو میں کہہ دوں کہ میری والدہ اکیلی ہیں تو میں ان کی خدمت کرنا چاہتا ہوں اس لئے مجھے دور کسی جگہ نہ بھیجا جائے ؟ اس پر بڑی سنجیدہ ہو گئیں اور بڑی سختی سے کہا کہ جہاں جماعت بھیجے وہاں جانا ہے۔یہ تو ممکن نہیں ہے کہ جس کو میں نے وقف کیا ہے اس کو میں اپنے پاس رکھوں اور جو دنیا کمانے والے ہیں انہیں کہوں کہ جاؤ اور دنیا کماؤ۔اگر میں نے اپنے پاس کسی کور کھنا ہوا تو تمہیں نہیں بلکہ دنیا کمانے والوں کو بلاؤں گی۔یہ ان کا جذبہ تھا۔پھر یہ لکھتے ہیں کہ 2013ء میں جب آخری مرتبہ ان کے پاس رخصت پر پاکستان گیا تو ان کو میں نے کہا کہ اپنے بیوی بچوں کو آپ کے پاس چھوڑ دوں ؟ حالانکہ بہت کمزور ہو چکی تھیں، بستر سے اٹھنا بھی مشکل تھا لیکن پھر بھی اس بات کی اجازت نہیں دی۔کہنے لگیں نہیں! بیوی بچوں کو اپنے پاس رکھو، انہیں خاوند کے پاس ہی رہنا چاہئے۔یہ ہے سبق ان بزرگوں کا جو آج کل بھی لوگوں کے لئے بڑا اہم ہے۔اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اور ان کی نسلوں کو بھی وفا کے ساتھ دین پر قائم رکھے۔الفضل انٹر نیشنل مورخہ 26 اکتوبر 2018 ء تا 01 نومبر 2018ء جلد 25 شماره 43 صفحہ 09r05)