خطبات مسرور (جلد 16۔ 2018ء) — Page 484
خطبات مسرور جلد 16 484 41 خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 12 اکتوبر 2018 خطبہ جمعہ سیدنا امیر المومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ مورخہ 12 / اکتوبر 2018ء بمطابق 12 / اضاء 1397 ہجری شمسی بمقام مسجد بیت الفتوح، مورڈن، لندن، یو کے تشہد و تعوذ اور سورہ الفاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: آج میں جن صحابہ کا ذکر کرنے لگا ہوں ان کے واقعات اور روایات کو تاریخ نے تفصیل سے محفوظ نہیں کیا۔ان کا مختصر تعارف ہی ہے جو بعض کا چند سطروں میں بیان ہوا ہے لیکن کیونکہ میں چاہتا ہوں کہ ایک دفعہ تمام بدری صحابہ کا ذکر ایک جگہ جماعتی لٹریچر میں بھی آجائے اس لئے مختصر تعارف والے ناموں کو بھی میں لے رہا ہوں۔ویسے بھی ان صحابہ کا جو مقام تھا اور ہے ان کا چاہے مختصر ذکر ہی ہو، ان لوگوں کا ذکر خیر بھی یا ان کو یاد کرنا بھی ہمارے لئے یہ برکت کا موجب ہے۔یہ وہ لوگ تھے جو غریب اور کمزور ہونے کے باوجود دین کی حفاظت کرنے والوں میں صف اول میں تھے۔دشمن کی طاقت سے مرعوب نہیں ہوئے بلکہ ان کا تمام تر توکل اللہ تعالیٰ کی ذات پر تھا۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے وفا اور محبت کا عہد کیا تو اس کے لئے اپنی جانیں قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا۔ان کے اس عہد وفا کے نبھانے کی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے بھی ان کو جنت کی بشارت دی اور ان سے راضی ہونے کا اعلان فرمایا۔حضرت عبدربہ بن حق بن اوس ایک صحابی تھے۔ان کے بارے میں ایک سے زائد آراء ہیں۔بعض نے عبد ربہ اور بعض نے عبد اللہ لکھا ہے۔ابن اسحاق کے نزدیک ان کا نام عبد اللہ بن حق جبکہ ابن عمارہ کے مطابق عبدِ رب بن حق ہے ان کا تعلق بنو خزرج کے خاندان بنو ساعدہ سے تھا اور آپ غزوہ بدر میں شامل ہوئے تھے۔(اسد الغابه فى معرفة الصحابه جلد3 صفحه 17-3-318 "عبد ربه بن حق مطبوعه دار الفكر بيروت 2003ء) پھر حضرت سلمہ بن ثابت ہیں ان کا نام پورا نام سلمہ بن ثابت بن وقش ہے۔حضرت سلمہ غزوہ بدر میں شریک ہوئے غزوہ احد میں ابو سفیان نے حضرت سلمہ بن ثابت کو شہید کیا تھا۔حضرت سلمہ کے والد حضرت ثابت بن وقش اور چچا حضرت رفاعہ بن وقش اور ان کے بھائی حضرت عمرو بن ثابت بھی غزوہ احد میں شہید ہوئے تھے۔اس خاندان کے بہت سارے افراد غزوہ احد میں شریک ہوئے۔ان کی والدہ کا نام لیلی بنت یمان تھا جو حضرت حذیفہ بن یمان کی بہن تھیں۔(الطبقات الكبرى لابن سعد جلد 3 صفحه4 23 سلمہ بن ثابت بن ،وقش دار احیاء التراث العربي بيروت 1996ء) (اسد الغابه في معرفة الصحابة جلد2 صفحه 291 سلمة بن ثابت دار الفکر بيروت 2003ء)