خطبات مسرور (جلد 16۔ 2018ء) — Page 277
خطبات مسرور جلد 16 277 خطبه جمعه فرمودہ مورخہ 15 جون 2018 میرے کام بنادے اور میرے پراگندہ کاموں کو سنوار دے اور میرے بچھڑے ہوؤں کو ملا دے اور میرے تعلق رکھنے والوں کو رفعت دے۔تو اپنی رحمت کے ذریعہ میرے عمل کو پاک کر دے اور مجھے رشد وہدایت الہام کر اور جن چیزوں سے مجھے الفت ہے وہ مجھے مل جائیں۔ہاں ایسی رحمت خاص جو مجھے ہر برائی سے بچالے اور اے اللہ !مجھے ایسادا گی ایمان و ایقان بھی نصیب فرما جس کے بعد کفر نہیں ہوتا۔ایسی رحمت عطا کر جس کے ذریعہ مجھے دنیاو آخرت میں تیری کرامت کا شرف نصیب ہو جائے۔اے اللہ ! میں تجھ سے ہر فیصلہ میں کامیابی چاہتا ہوں اور شہیدوں کی سی مہمان نوازی اور سعادت مندی کی زندگی اور دشمنوں پر فتح اور نصرت کا خواستگار ہوں۔مولیٰ ! میں تو اپنی حاجت لے کر تیرے در پر حاضر ہو گیا ہوں۔اگر میری سوچ ناقص اور میری تدبیر کمزور بھی ہے تب بھی میں تیری رحمت کا محتاج ہوں۔پس اے تمام معاملات کے فیصلہ کرنے والے اور اے دلوں کو تسکین عطا کرنے والے ! میں تجھ سے سوال کرتا ہوں کہ جس طرح بھرے سمندروں میں تو انسان کو بچالیتا ہے اسی طرح مجھے آگ کے عذاب سے بچالے۔ہلاکت کی آواز اور قبر کے فتنہ سے مجھے پناہ دے۔اور میرے مولیٰ ! جس دعا سے میری سوچ کو تاہ ہے اور جس امر کے لئے میں نے دست سوال دراز نہیں کیا۔ہاں وہ خیر اور وہ بھلائی جس کی میں نیت بھی نہیں باندھ سکا مگر تو نے اپنی مخلوق میں سے کسی کے ساتھ اس خیر کا وعدہ کر رکھا ہے یا اپنے بندوں میں سے کسی کو تو وہ خیر عطا کرنے والا ہے تو ایسی ہر خیر کے لئے میں رغبت رکھتا ہوں اور اے سب جہانوں کے رب! میں تیری رحمت کا واسطہ دے کر تجھ سے وہ خیر مانگتا ہوں۔اے اللہ !مضبوط تعلق والے اور رشد و ہدایت کے مالک ! میں قیامت کے روز تجھ سے امن کا خواہاں ہوں اور اس دائگی دور میں جنت چاہتا ہوں۔تیرے دربار میں حاضری دینے والے مقرب بندوں کے ساتھ اور رکوع و سجو د بجالانے والوں اور عہد پورا کرنے والوں کی معیت میں۔یقینا تو بہت رحم اور محبت کرنے والا ہے۔بیشک تو جو چاہتا ہے کرتا ہے۔اے اللہ ! ہمیں ایسا ہدایت یافتہ رہنما بنادے جو نہ خود گمراہ ہونے والے ہوں ، نہ گمراہ کرنے والے بنیں۔تیرے پیاروں اور دوستوں کے لئے ہم سلامتی کا پیغام ہوں اور تیرے دشمنوں کے لئے جنگ کا نشان۔ہم تیری محبت کے صدقہ تیرے ہر محب سے محبت کرنے والے اور تیری مخالفت اور دشمنی کرنے والوں سے تیری خاطر عداوت رکھنے والے ہوں۔اے اللہ ! یہ ہماری عاجزانہ دعا ہے جس کا قبول کرنا تیرے پر منحصر ہے۔اے اللہ ! پس یہی دعا ہماری سب محنت اور تدبیر ہے اور سب بھروسہ تیری ذات پر ہے۔اے اللہ ! میرے لئے میرے دل میں نور پیدا کر دے۔میری قبر کو بھی روشن کر دے۔میرے آگے اور میرے پیچھے بھی نور کر دے۔میرے دائیں بھی نور کر دے اور میرے بائیں بھی نور کر دے۔اور میرے اوپر بھی نور کر دے اور میرے نیچے بھی نور کر دے۔اور میری سماعت میں بھی نور بھر دے۔اور میری بصارت میں بھی نور بھر دے۔اور میرے بالوں میں بھی نور بھر دے اور میری جلد کو بھی نورانی کر دے۔اور میرے گوشت اور میرے خون میں بھی نور بھر دے اور میرے دماغ میں بھی نور بھر دے اور میری ہڈیوں میں بھی نور بھر دے۔اے اللہ ! میرے دل میں نور کی عظمت پیدا کر دے اور پھر مجھے وہ نور عطا کر۔پس مجھے سراپا نور ہی بنادے۔پاک ہے وہ ذات جو بزرگی کا لباس زیب فرما کر عزت کے ساتھ متمکن ہے۔پاک ہے وہ ذات کہ جس کے سوا کسی کی پاکیزگی بیان کرنی مناسب نہیں۔پاک ہے وہ صاحب فضل و نعمت وجود۔