خطبات مسرور (جلد 15۔ 2017ء) — Page 480
خطبات مسرور جلد 15 480 خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 06اکتوبر 2017 ایک تاریک کنوئیں میں گرنے والی ہوں اور میں نے کنوئیں کی منڈیر کو دونوں ہاتھوں سے زور سے تھاما ہوا ہے اور ٹانگیں نیچے لٹک رہی ہیں۔اچانک میں نے اوپر دیکھا تو مجھے تین چار سفید پرندے نظر آئے جن کا رنگ بہت زیادہ سفید تھا لیکن مجھے معلوم نہیں کہ وہ کون ہیں۔وہ پرندے مجھے بچانے کی کوشش میں تھے۔کہتی ہیں شروع میں تو مجھے اس خواب کی سمجھ نہیں آئی لیکن بعد میں علم ہوا کہ یہ تو جوار کے پینل کے ممبر ہیں جو پرندوں کی شکل میں دکھائے گئے ہیں۔شروع میں مجھ پر یہ واضح نہیں تھا کہ اس جماعت کے بانی نے مسیح و مہدی ہونے کا دعویٰ کیا ہے لیکن مجھے شک سا پیدا ہوا۔پھر میں نے جماعتی کتب خصوصاً حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب کے مطالعہ کا فیصلہ کیا جن میں مجھے کوئی خلاف اسلام بات نظر نہیں آئی بلکہ اس کے بر عکس مجھے آپ کی ذات اقدس میں اسلام، مسلمانوں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا پوری قوت کے ساتھ دفاع کرنے والا بطل جلیل نظر آیا جو ان کتب سے دشمنان اسلام پر اسلام کا رعب قائم فرماتا ہے۔کہتی ہیں پھر میں نے استخارہ کیا اور اس کے دو دن بعد مجھے میری ایک سہیلی نے بتایا کہ اس نے خواب میں دیکھا ہے کہ میں اور وہ سہیلی جو ہے میری ساس کے گھر میں ہیں اور میں مختلف کمروں میں سے ایک خاص کمرے کی تلاش میں ہوں۔اس پر مجھے ایک روشن اور نورانی اور آرام دہ کمرہ نظر آیا جس پر میں نے اس سے کہا کہ مجھے یہ کمرہ اچھا لگا ہے اور میں یہیں رہوں گی۔کہتی ہیں میں نے خواب سے یہ نیک فال نکالی کہ جماعت میں شامل ہونا چاہئے۔چنانچہ بیعت کر لی۔ایک اور خاتون ترکی میں میر ا صاحبہ ہیں۔وہ کہتی ہیں کہ میں اپنی بیعت کی تفصیل عرض کرنا چاہتی ہوں۔2010ء میں جماعت سے تعارف ہوا۔شمولیت کی توفیق ملی۔میں نے دیکھا کہ میرے میاں ایم ٹی اے العربیہ بڑے شوق سے دیکھتے تھے۔چنانچہ میں بھی دیکھنے لگی اور بسا اوقات ان کی غیر موجودگی میں بھی ایم ٹی اے دیکھتی رہتی تھی۔میرے میاں مجھے کہتے کہ تسلی سے بیعت کر لو۔تو میں کہتی کہ میں یہ ذمہ داری نہیں لے سکتی۔میری فیملی بڑی ہے۔گھر کی بہت ذمہ داریاں ہیں۔پھر میں نے دجال کے بارے میں جماعت کی تیار کردہ فلم دیکھی اور تفسیر بڑی منطقی اور معقول معلوم ہوئی جو پہلے کبھی نہ سنی تھی۔پھر مزید ایم ٹی اے دیکھنے لگی اور حوار کے پروگرام دیکھے اور تہجد با قاعدگی سے پڑھنے لگی۔اس کے بعد ایک دفعہ عبد القادر عودہ صاحب نے دورہ کیا تو میں نے بیعت کر لی۔پھر میری بہو اور بیٹیوں نے بھی بیعت کر لی۔ہم جماعتی موضوعات پر تبادلہ خیال کرتے اور کہتے کہ یہ حقیقی اسلام ہے۔کہتی ہیں کہ جس دن میں نے بیعت کی میں نے خواب میں دیکھا کہ سورۃ کہف کی آیات پڑھ رہی ہوں۔اس پر مجھے یقین ہو گیا کہ خدا تعالیٰ ہمیں دجال کے شر سے بچائے گا اور میں امام مہدی کے اعوان و انصار میں سے بنوں گی۔خدا کا شکر ہے کہ اس نے ایمان بخشا۔اللہ کرے کہ میں اس ذمہ داری کو ادا کرنے والی ہوں۔تو اس طرح یہ خود واقعات لکھتی ہیں اور دعاؤں کی تحریک کی خواہش بھی کرتی ہیں۔