خطبات مسرور (جلد 15۔ 2017ء) — Page 408
خطبات مسرور جلد 15 408 خطبہ جمعہ فرموده مورخه 25 اگست 2017 اللہ تعالیٰ ہمیں توفیق عطا فرمائے کہ ہم ان معیاروں کو حاصل کرنے والے ہوں اور آپ کی بیعت میں آکر آپ کی بعثت کے مقصد کو سمجھنے والے اور اسے پورا کرنے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں اور استعدادوں کو استعمال کرنے والے ہوں اور دنیا کو بھی اس حقیقت سے آگاہ کرنے والے ہوں۔جلسہ کے دنوں میں اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ ادھر ادھر پھرنے کی بجائے جلسہ کے پروگراموں میں شامل ہوں۔تمام تقریریں سنیں۔ہر تقریر کسی نہ کسی رنگ میں علمی، اعتقادی اور روحانی ترقی کا ذریعہ بنتی ہے۔شعبہ تربیت بھی اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرے کہ بغیر کسی جائز وجہ کے لوگ ادھر اُدھر پھرنے کی بجائے جلسہ گاہ میں بیٹھیں۔جلسہ سننے کے لئے آئیں اور اس کی کوشش کریں۔اسی طرح تمام شامل ہونے والے ڈیوٹی دینے والوں سے بھی مکمل تعاون کریں۔پارکنگ میں بھی، سکینگ کے وقت بھی بعض دفعہ لمبی لائنیں لگ جاتی ہیں۔کھانے کے وقت بھی بعض دفعہ مشکلات پیش آتی ہیں۔اسی طرح بیوت الخلاء میں بھی اور وہاں بھی اگر صفائی کی ضرورت ہو تو صفائی کا خود بھی خیال رکھیں۔صرف یہ نہ دیکھیں کہ صفائی کرنے والے موجود ہیں تو صفائی کر دیں گے بلکہ خود صفائی کا خیال رکھنا چاہئے۔صفائی بھی، نظافت بھی ایمان کا حصہ ہے۔(صحیح مسلم كتاب الطهارة باب فضل الوضوء حديث 534) اسی طرح کارکنان بھی ہر جگہ جہاں بھی ڈیوٹی پر ہیں انتہائی خوش اخلاقی سے ہر ایک سے پیش آئیں۔جو بھی حالات ہوں کسی کارکن اور کارکنہ کے اخلاق ایسے نہ ہوں جو غلط اثر ڈالنے والے ہوں۔ہمیشہ مسکراتے ہوئے خدمت کریں چاہے جو بھی حالات گزر جائیں۔خاص طور پر شامل ہونے والے بھی اور ڈیوٹی دینے والے بھی یہ خیال بھی رکھیں کہ انہوں نے اپنے ماحول پر بھی نظر رکھنی ہے اور گہری نظر رکھنی ہے اور یہ سیکیورٹی کے لئے بڑی ضروری چیز ہوتی ہے اور آجکل کے حالات میں یہ خاص طور پر بہت ضروری ہے۔اور سب سے بڑھ کر ان دنوں میں دعاؤں اور ذکر الہی پر زیادہ زور دیں اس میں وقت گزاریں۔اپنے لئے بھی دعائیں کریں۔جماعت کے لئے بھی دعائیں کریں۔مسلم اللہ کے لئے دعائیں کریں کہ اللہ تعالیٰ ان کو عقل دے اور یہ زمانے کے امام کو پہچاننے والی ہو۔اور عمومی طور پر دنیا کے لئے بھی دعا کرتے رہیں کہ جس طرح یہ تباہی کی طرف جارہی ہے اللہ تعالیٰ اس کو تباہی سے بچالے اور عقل اور سمجھ دے اور یہ خدا تعالیٰ کی پہچان کرنے والے بن جائیں۔الفضل انٹر نیشنل مورخہ 15 ستمبر 2017 ء تا 21 ستمبر 2017ء جلد 24 شماره 37 صفحہ 0805)