خطبات مسرور (جلد 15۔ 2017ء) — Page 293
خطبات مسرور جلد 15 293 خطبه جمعه فرمودہ مورخہ 23 جون 2017 ہم نے اللہ تعالیٰ کے ان فضلوں اور اس کی رحمتوں سے فیض اٹھانے کے لئے کیا کیا یا کیا کیا عہد کئے ہیں۔ہم نے اللہ تعالیٰ کے حکموں کو ماننے اور اس کی تعلیم کے مطابق زندگی گزارنے کے لئے گزشتہ کو تاہیوں کو چھوڑنے کے لئے کیا عہد کئے ہیں اور کس حد تک تبدیلیاں اپنے اندر پیدا کی ہیں۔پس یہ جائزے ہمیں اللہ تعالیٰ کے مستقل فضلوں کے حصول کی طرف توجہ دلانے والے اور اس وجہ سے اپنی حالتوں میں مستقل تبدیلی لانے کی کوشش، اللہ تعالیٰ کے فضلوں کو ہمیشہ جذب کرنے والا بنائے گی۔اگر ہم نے نمازوں میں با قاعدگی صرف رمضان کی وجہ سے اختیار کی ہے اور بعد میں ہم نے پھر ست ہو جانا ہے تو یہ تو اللہ تعالیٰ کے حکموں پر چلنا نہیں ہے۔اگر ہم نے جمعوں میں با قاعدگی صرف رمضان کے مہینے تک ہی رکھنی ہے تو یہ اللہ تعالیٰ کے حکموں کے مطابق چلنا نہیں ہے۔اگر ہم نے قرآن کریم کی تلاوت کو صرف رمضان کے لئے ہی ضروری سمجھا ہے اور بعد میں اس کی طرف توجہ نہیں دینی تو یہ اللہ تعالیٰ کی مرضی پر چلنا نہیں ہے۔اگر ہم نے درود اور ذکر کو صرف رمضان تک ہی محدود رکھنا ہے تو صرف یہ بات تو اللہ تعالیٰ ہم سے نہیں چاہتا۔اگر ہم نے اپنے اخلاق اور دوسری نیکی کی باتوں کو صرف رمضان تک ہی مجبوری سمجھ کر کرنا ہے تو یہ تو اللہ تعالیٰ ہم سے نہیں چاہتا۔رمضان تو ایک ٹریننگ کیمپ کے طور پر آتا ہے۔رمضان تو اللہ تعالیٰ نے اس لئے فرض کیا ہے کہ جن نیکیوں کو تم بجالا رہے ہو اس میں مزید ترقی کرو اور ہر آنے والا ر مضان جب ختم ہو تو ہمیں عبادات اور نیکیوں کی نئی منزلوں اور بلندیوں پر پہنچانے والا ہو اور ہم پھر عبادتوں اور نیکیوں کے نئے اور بلند معیار قائم کرنے والے بن جائیں۔اللہ تعالیٰ تو ہم سے مستقل مزاجی کے ساتھ ان نیکیوں پر چلنے کا مطالبہ کرتا ہے۔اللہ تعالیٰ نے تو أَقِيمُوا الصلوۃ کا حکم دیا ہے کہ نمازیں قائم کرو۔نمازوں کو وقت پر سنوار کر ادا کرو۔اللہ تعالیٰ نے یہ حکم دیا ہے کہ حافِظُوا عَلَى الصَّلَوَتِ وَالصَّلوة الوسطى (البقرۃ:239) یعنی تمام نمازوں اور خصوصاً در میانی نماز کا پورا خیال رکھو۔اور ہر مسلمان جانتا ہے کہ پانچ نمازیں فرض ہیں۔اس لئے پانچوں نمازوں کی حفاظت کا حکم ہے اور خاص طور پر درمیانی نماز کی طرف توجہ دلائی ہے۔اللہ تعالیٰ کو انسانی فطرت کا پتا ہے اس لئے خاص طور پر زور دے کر درمیانی نماز کی طرف توجہ دلائی ہے۔صَلوةُ الوسطی کا مطلب ہے درمیانی یا اہم نماز۔یعنی نماز کا ایسا وقت جب نماز کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔ہر نماز ہی اللہ تعالیٰ نے فرض قرار دی ہے اور اہم ہے پھر صَلوةُ الوسطی کو کیوں اہمیت دی ہے ؟ اس لئے کہ بعض نمازوں کے اوقات میں انسان ذاتی یاد نیاوی خواہشات کو ترجیح دے رہا ہوتا ہے۔کسی کے لئے فجر کی نماز ادا کرنا مشکل ہے۔اس وقت اٹھ کر فجر پڑھنا اللہ تعالی کے زیادہ قریب کرتا ہے وہ اہم نماز بن جاتی ہے۔کسی کو اپنے کام اور کاروبار کی وجہ سے ظہر یا عصر کی نماز پڑھنا مشکل لگتا ہے اس کے لئے اس نماز کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔گویا کہ جہاں مجاہدہ کر کے ، کوشش کر کے انسان اللہ تعالیٰ کی عبادت کی