خطبات مسرور (جلد 14۔ 2016ء) — Page 18
خطبات مسرور جلد 14 18 خطبه جمعه فرمودہ مورخہ 08 جنوری 2016 مالی تحریکات پر جماعت کا والہانہ لبیک پس آپ کی اس بات کو افراد جماعت نے سمجھا اور اللہ تعالیٰ کے فضلوں کو جذب کرنے کے لئے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مشن کی تکمیل کے لئے ہر قسم کی قربانی کرنے کے لئے تیار ہوئے جس میں مالی قربانی بھی ہے جس کے بڑے اعلیٰ نمونے دکھائے۔آپ کی زندگی میں بھی اور بعد میں بھی آج تک یہ نمونے دکھاتے چلے جارہے ہیں۔ان قربانیوں کو کرنے والے جماعت پر یہ قربانیاں کوئی احسان نہیں سمجھتے بلکہ قربانی کی توفیق ملنے پر خدا تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔اس الہام میں یہ بھی اشارہ ہے کہ آپ کے بعد خلافت احمدیہ کا جاری نظام بھی ہمیشہ اس بات کو پیش نظر رکھے کہ اللہ تعالیٰ کی عبودیت کا حق ادا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے اور اللہ پر توکل کرتے ہوئے اسی سے مددمانگنی ہے اور اسی پر ان پہ انحصار کرنا ہے تو اللہ تعالیٰ خود ہی ہر کام میں آسانیاں بھی پیدا کرتا چلا جائے گا۔سب کام سنوارے گا اور کاموں کے انجام دینے کے لئے بھی سامان مہیا فرما تارہے گا۔انشاء اللہ تعالیٰ۔اور جیسا کہ میں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مدد کے یہ نظارے ہم آج تک دیکھ بھی رہے ہیں۔خدا تعالیٰ احمدیوں کے دلوں میں قربانی کی اہمیت ڈالتا ہے اور وہ غیر معمولی نمونے بھی دکھاتے ہیں۔وقف جدید اور تحریک جدید دو مستقل تحریکات جماعت میں وصیت کا ایک نظام ہے۔چندہ عام کا نظام ہے۔اس کے علاوہ مختلف تحریکات ہوتی رہتی ہیں اور احباب ان میں قربانی کی غیر معمولی مثالیں قائم کرتے ہیں۔دو تحریکات تو مستقل تحریکات ہیں یعنی " تحریک جدید " اور " وقف جدید "۔وقف جدید کی تحریک پہلے صرف پاکستان میں تھی۔پھر تمام دنیا میں عام کر دی گئی اور اس کے بعد بھی اس میں مزید بہت وسعت پیدا کی گئی۔قربانی کے غیر معمولی نمونے افراد جماعت کی طرف سے دیکھنے کو ملتے ہیں۔جیسا کہ احباب جماعت جانتے ہیں کہ پاکستان میں جب تحریک کی گئی تھی تو دیہاتی اور دور دراز علاقوں میں تربیتی اور تبلیغی کاموں میں تیزی پیدا کرنے کے لئے یہ تحریک کی گئی تھی اور وقف جدید کو جاری کیا گیا تھا۔پھر یہ تمام دنیا کے لئے جب عام کی گئی تب بھی اس کے مخصوص مقاصد تھے۔خاص علاقوں کے لئے اس میں سے خرچ کیا جانا تھا۔اس کے لئے جو علاقے مقرر تھے یا شروع میں جو تحریک کی گئی تھی وہ بھارت کے لئے تھی۔پھر افریقہ اور دوسرے غریب ممالک کے علاقوں میں تربیت اور تبلیغ کے کام کو فعال کرنے کے لئے اسے جاری کیا گیا۔ایک نوجوان عزیز نے مجھ سے سوال کیا کہ جب وقف جدید تمام دنیا میں جاری کر دی گئی ہے (پہلے تو صرف پاکستان میں محدود تھی) تو پھر اب تحریک جدید کے جاری رکھنے کی کیا ضرورت ہے یا اس کا کیا مقصد ہے؟