خطبات مسرور (جلد 14۔ 2016ء)

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 336 of 830

خطبات مسرور (جلد 14۔ 2016ء) — Page 336

خطبات مسرور جلد 14 336 25 خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 17 جون 2016 خطبہ جمعہ سیدنا امیر المومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ مورخہ 17 جون 2016ء بمطابق 17 احسان 1395 ہجری شمسی بمقام مسجد بیت الفتوح، مورڈن۔لندن تشہد و تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اس آیت کی تلاوت فرمائی: وَإِذَا سَأَلَكَ عِبَادِي عَنِي فَإِنِّي قَرِيبٌ أُجِيبُ دَعْوَةَ الدَّاعِ إِذَا دَعَانِ فَلْيَسْتَجِيْبُوا لِي وَلْيُؤْمِنُوا بِي (البقرة:187) لَعَلَّهُمْ يَرْشُدُونَ اور جب میرے بندے تجھ سے میرے متعلق سوال کریں تو یقینا میں قریب ہوں۔میں دعا کرنے والے کی دعا کا جواب دیتا ہوں جب وہ مجھے پکارتا ہے۔پس چاہئے کہ وہ بھی میری بات پر لبیک کہیں اور مجھ پر ایمان لائیں تا کہ وہ ہدایت پائیں۔یہ آیت روزے رکھنے کے حکم، اس کی شرائط اور اس سے متعلق احکامات کی آیات کے قریباً بیچ میں رکھ کر اللہ تعالیٰ نے ہمیں رمضان اور دعاؤں کی قبولیت کے خاص تعلق کی طرف توجہ دلائی ہے۔حضرت خلیفہ المسح الاول رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اس تعلق کو یوں بیان فرمایا کہ " روزہ جیسے تقویٰ سیکھنے کا ذریعہ ہے ویسا ہی قرب الہی حاصل کرنے کا بھی ذریعہ ہے۔" حقائق الفرقان جلد اول صفحہ 308) پس صرف رمضان کا مہینہ دعاؤں کی قبولیت کی وجہ نہیں ہو سکتا جب تک کہ اسے تقویٰ سیکھنے، تقویٰ سے زندگی بسر کرنے اور قرب الہی کے حصول کا ذریعہ بنانے کی کوشش نہ کی جائے۔اور جب یہ صورت ہو گی تو اللہ تعالیٰ سے رمضان میں پیدا کیا ہوا تعلق صرف رمضان تک محدود نہیں ہو گا بلکہ مستقل تبدیلی کے اثرات ظاہر ہوں گے۔اللہ تعالیٰ نے بھی یہی اس آیت میں بتایا ہے کہ میں قریب ہوں۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اس مہینہ میں شیطان جکڑ دیا جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ قریب آجاتا ہے۔نچلے آسمان پر آجاتا ہے۔(صحیح بخاری کتاب الصوم باب هل يقول رمضان او شهر رمضان۔۔۔حدیث 1899 و صحیح بخاری کتاب التهجد باب الدعاء والصلاة من أخر الليل حديث 1145)