انوارالعلوم (جلد 5)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 502 of 653

انوارالعلوم (جلد 5) — Page 502

انوار العلوم جلد ۵ ۵۰۲ ملائكة الله ہیں کہ وہ نبی کو مان لیتا ہے۔ بات اصل میں یہ ہے کہ ملک اس موقع کو تاڑ تا رہتا ہے کہ کب فلاں شخص کے دل میں نیکی آئے ۔ اور ہر انسان پر الیسا وقت آتا ہے خواہ وہ ابو جہل ہو یا فرعون اور جب نیکی کے آنے کا وقت ہوتا ہے۔ تو اس سے ملک فائدہ اُٹھا لیتا اور نبی کی سچائی دل میں ڈال دیتا ہے۔ آگے یہ انسان کا کام ہوتا ہے کہ اس سے فائدہ اُٹھائے یا نہ اُٹھائے۔ تو ملائکہ کا ایک کام یہ ہے کہ لوگوں کے دلوں میں انبیاء کی تصدیق پیدا کرتے رہتے ہیں ۔ آٹھواں کام ملائکہ کا یہ ہوتا ہے کہ خدا کی تسبیح کرتے رہتے ہیں۔ چنانچہ خدا تعالیٰ فرماتا ہے :۔ وَتَرَى الْمَلَئِكَةَ حَافِينَ مِنْ حَوْلِ الْعَرْشِ يُسَبِّحُونَ بِحَمْدِ رَبِّهِمْ (الزمر : ٤٢ ) اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ملائکہ خدا کی تسبیح اور تحمید کرتے ہیں۔ نواں کام ملائکہ کا یہ ہوتا ہے کہ وہ مومنوں کے لئے استغفار کرتے ہیں۔ یہ خاص ملائکہ ہوتے ہیں۔ ان کا خدا تعالیٰ کی طرف سے یہ فرض ہوتا ہے کہ مومنوں کے لئے دُعا اور استغفار کرتے رہیں کہ اگر مومن سے کوئی کمزوری صادر ہو جائے تو اس پر خدا تعالیٰ پردہ ڈال دے۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے :۔ الَّذِينَ يَحْمِلُونَ الْعَرْشَ وَمَنْ حَولَهُ يُسَبِّحُونَ بِحَمْدِ رَبِّهِمْ وَيُتُؤْمِنُونَ بِهِ وَيَسْتَغْفِرُونَ لِلَّذِينَ آمَنُوا رَبَّنَا وَسِعْتَ كُلَّ شَيْءٍ رَحْمَةً وَعِلْمًا فَاغْفِرُ لِلَّذِينَ تَابُوا وَاتَّبَعُوا سَبِيلَكَ وَقِهِمْ عَذَابَ الْجَحِيمِ ) (المؤمن : ٨) اس سے معلوم ہوتا ہے کہ خاص الخاص ملائکہ کا یہ کام ہوتا ہے کہ خاص الخاص مؤمنوں کے لئے دعا کرتے رہتے ہیں کہ خدا ان کی کمزوریوں کو معاف کر دے۔ اور جو عام فرشتے ہوتے ہیں۔ ان کا کام یہ ہوتا ہے کہ سب کے لئے دعا کرتے ہیں ۔ عام مومنوں حتی کہ کافروں کے لئے بھی دعا کرتے ہیں۔ اور اس طرح مؤمنوں کو دوہرا فائدہ پہنچتا ہے۔ ایک تو خاص فرشتے ان کے لئے دُعا کرتے تھے اور دوسرے عام فرشتے جو سب کے لیئے دُعا کرتے ہیں ان میں بھی مومن شامل ہوتے ہیں۔ سب کے لئے دُعا کرنے کے متعلق خدا تعالیٰ فرماتا ہے :- وَالْمَلَئِكَةُ يُسَبِّحُونَ بِحَمْدِ رَبِّهِمْ وَيَسْتَغْفِرُونَ لِمَنْ فِي الْأَرْضِ (الشورى : ٢) یعنی خدا کی رحمانیت کے فرشتے سب کے لئے دعا کرتے رہتے ہیں کہ خدا سب کو معاف کر دے ۔ میرا خیال ہے کہ خدا تعالیٰ نے دوزخ کو خالی کرنے کی یہ سبیل رکھی ہے خدا تعالیٰ فرشتوں کی دُعا کے نتیجہ میں آخر کہے گا کہ جاؤ میں سب کو چھوڑتا ہوں ۔