خطبات مسرور (جلد 17۔ 2019ء) — Page 287
خطبات مسرور جلد 17 287 خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 31 مئی 2019 انتظار کرتا ہے اور ایک رمضان سے دوسرے رمضان کی فکر میں رہتا ہے اور انتظار کرتا ہے نہ کہ دنیاوی خواہشات اور کاموں کے لیے اپنے جمعوں اور نمازوں کو ضائع کر دے۔پس اپنی عبادتوں کی ہمیں فکر کرنے کی ضرورت ہے۔اپنی ترجیحات کو صحیح راستے پر لگانے کی ضرورت ہے۔اللہ تعالیٰ کو حاصل کرنے کے لیے ایک کوشش کی ضرورت ہے اور اللہ تعالیٰ کو حاصل کرنے کے لیے اس مقام کا ادراک ضروری ہے، صرف منہ سے کہہ دینے سے یہ حاصل نہیں ہو جاتا۔لیکن اگر ہم غور کریں تو ہم دیکھیں گے کہ اللہ تعالیٰ کے اصل مقام اور اس کی قدر و قیمت کا ہمارے عمل جو ہیں وہ صحیح پہچان نہیں رکھتے۔ہماری عملی حالتیں ایسی نہیں کہ ہم کہہ سکیں کہ ہمیں بڑی پہچان ہے بلکہ ہماری دعائیں بھی ہماری ذاتی اغراض کے لیے ہوتی ہیں۔اگر خدا تعالیٰ کو پانے کے لیے ہوں تو پھر ان میں ایک مستقل مزاجی ہو۔ہمارے دل صرف جمعوں کے لیے نہیں بلکہ پانچ نمازوں کے لیے بھی مسجدوں میں اسکے ہوں لیکن جیسا کہ میں نے کہا ہمیں حقیقت میں اس کا ادراک نہیں ہے۔ہم عارضی اور فوری ضرورت کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں اور مستقل اور بڑی اور ہمیشہ رہنے والی ضرورت کو ثانوی حیثیت دیتے ہیں۔نمازوں اور جمعوں کو ہم چھوڑ دیتے ہیں اور اپنے عارضی دنیاوی مفادات کے لیے کہہ دیتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ سے تو بعد میں معافی مانگ لیں گے تو اللہ تعالیٰ تو بخش دے گا، کیا فرق پڑتا ہے ، یہ دنیوی کام تو کر لو۔یہ گاہک ہاتھ سے نہ نکل جائے کہیں۔ایک کاروباری شخص کہتا ہے۔پھر پتا نہیں ایسا گاہک دوبارہ ملے گا کہ نہیں ملے گا۔اگر اپنے کام کے لیے کسی افسر کے پاس گئے ہیں، اگر اس افسر کو اس وقت خوش نہ کیا جبکہ اس کا موڈ اچھا ہے اور اس کو یہ کہہ دیا کہ اوہو میری نماز کا وقت ہو گیا، جمعے کا وقت ہو گیا، میں نماز پڑھنے جارہا ہوں یا جمعہ پڑھنے جا رہا ہوں تو کہیں وہ افسر ناراض نہ ہو جائے اور میں اس کے فائدے سے محروم نہ ہو جاؤں۔اگر یہ خیال آتا ہے تو ترجیحات بالکل مختلف ہیں۔دنیا کی ترجیح اللہ تعالیٰ کی رضا کو حاصل کرنے کی ترجیح پر فوقیت حاصل کر رہی ہے اور اسی طرح کی بہت ساری خواہشات ہیں جو اللہ تعالیٰ کے مقابلے پر پھر ثانوی حیثیت رکھنے کی بجائے اول ترجیح بن جاتی ہیں۔اللہ تعالیٰ پیچھے چلا جاتا ہے اور دنیاوی خواہشات او پر آجاتی ہیں۔اس وقت ہم بھول جاتے ہیں کہ جب ہم اللہ تعالیٰ کو بھلا دیں اور اس کے حکموں کو دنیاوی خواہشات کے پیچھے کر دیں تو پھر جیسا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ پھر ایسے لا پرواہوں سے بھی لا پرواہی برتے گا اور باوجود جنت کا اہل ہونے کے اس لا پرواہی کی وجہ سے ایسا انسان جنت سے محروم ہو جائے گا۔پس ایک مومن کا کام ہے کہ یہ بات ہمیشہ پیش نظر رکھے کہ میرے کاروبار بھی اور میرے کام بھی اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہی بابرکت ہو سکتے ہیں اور جب اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہی برکت ہے تو پھر میں پہلے اللہ تعالیٰ کے حق ادا کرنے کی کوشش کیوں نہ کروں۔پس اس اصول کو ہر ایک کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔اگر ہم یہ سمجھ لیں گے تو ہماری مسجد میں رمضان کے علاوہ بھی پانچ نمازوں کے وقت بھی آباد ر ہیں گی اور جمعوں پر بھی بھری رہیں گی بلکہ چھوٹی پڑ جائیں گی اور یہی حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی بعثت کا مقصد ہے کہ آپ بندے کو خدا کے قریب کرنے کے لیے مبعوث ہوئے تھے اور یہی ہماری بیعت کا مقصد ہے کہ ہم اپنے آپ کو خدا تعالیٰ کے قریب کریں ، اس سے تعلق جوڑیں اور اس کے صحیح عبد بن جائیں۔ہماری