خطبات مسرور (جلد 17۔ 2019ء) — Page 207
خطبات مسرور جلد 17 207 خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 19 اپریل 2019 کے سجدہ کرنے کی خبر پہنچی تو یہ لوگ وہاں سے چل پڑے۔اس کی تفصیل میں پہلے پچھلے خطبات میں بیان کر چکا ہوں اور ان کے ساتھ اور لوگ بھی تھے کہ سجدہ کی وجہ کیا ہوئی تھی ؟ ان کا یہ خیال تھا کہ سب کفار نے آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی کرلی ہے۔جب یہ مکہ کے قریب پہنچے اور اصل واقعے کا پتا لگا تو اس وقت انہیں واپس حبشہ جانا مشکل لگ رہا تھا۔بعض دوسری روایات کے مطابق بعض لوگ وہیں سے واپس حبشہ چلے بھی گئے تھے۔یہ بھی کہا جاتا ہے کہ اور جو مکے میں بھی بغیر کسی کی پناہ میں آنے کے داخل ہونے سے ڈر رہے تھے وہ چلے گئے تھے۔بہر حال جو وہاں آگئے تھے یہ کچھ دیر وہیں رکے رہے یہاں تک کہ ان میں سے ہر ایک اہل مکہ میں سے کسی نہ کسی کی امان میں داخل ہوا۔انہوں نے کسی نہ کسی کی امان لے لی یا راستے میں کچھ دیر رکے رہے جب تک امان نہ مل گئی۔حضرت عثمان بن مظعون رضی اللہ تعالیٰ عنہ ولید بن مغیرہ کی امان میں آئے۔ابن اسحاق بیان کرتے ہیں کہ جب حضرت عثمان نے دیکھا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے اصحاب کو تکالیف پہنچ رہی ہیں ، لوگ ان کو مار رہے ہیں، ان پر ظلم کر رہے ہیں اور وہ ولید بن مغیرہ کی امان میں رات دن سکون سے گزار رہے ہیں۔ولید وہاں کفار مکہ کے رئیسوں کا ایک رئیس تھا جو غیر مسلم تھا اس کی امان میں آگئے تھے۔تو عثمان کہنے لگے کہ خدا کی قسم ! میری صبح شام ایک مشرک کی امان میں امن کے ساتھ گزر رہی ہے جبکہ میرے دوستوں اور گھر والوں کو اللہ کی راہ میں تکالیف اور اذیتیں پہنچ رہی ہیں۔یقیناً مجھ میں کوئی خرابی ہے۔انہوں نے اپنے آپ سے یہ کہا۔پس آپ ولید بن مغیرہ کے پاس گئے اور کہا کہ اے ابو عبد شمس ! ( یہ ولید بن مغیرہ کا لقب تھا) تمہارا ذمہ پورا ہو گیا۔میں تمہاری امان میں تھا۔اب میں چاہتا ہوں کہ اس امان سے نکل کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس جاؤں کیونکہ میرے لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے صحابہ میں اسوہ ہے۔ولید نے کہا کہ اے میرے بھتیجے!ولید ان کے والد کے بڑے قریبی دوست تھے۔انہوں نے کہا اے میرے بھتیجے ! شاید تمہیں میرے اس امان کی وجہ سے کوئی تکلیف پہنچی ہو یا بے عزتی ہوئی ہے ؟ تو آپ کہنے لگے کہ نہیں لیکن میں اللہ کی امان سے راضی ہوں۔تمہاری امان سے نکلتا ہوں اور اللہ کی امان پر راضی ہوں اور میں اس کے علاوہ کسی اور کی پناہ کا طلب گار نہیں ہوں۔ولید نے کہا کہ خانہ کعبہ کے پاس چلو اور وہیں میری امان علی الاعلان واپس کر دو جیسا کہ میں نے تمہیں علی الاعلان پناہ دی تھی۔حضرت عثمان نے کہا چلیں۔پھر وہ دونوں خانہ کعبہ کے پاس گئے۔ولید نے کہا یہ عثمان ہے جو مجھے میری امان واپس کرنے آیا ہے، لوگوں کے سامنے یہ اعلان کیا۔عثمان نے کہا یہ سچ کہہ رہا ہے۔یقیناً میں نے اسے یعنی اس امان دینے والے ولید کو وعدے کا سچا اور امان کے لحاظ سے معزز پایا ہے مگر اب میں اللہ کے سوا کسی اور کی امان میں نہیں رہنا چاہتا۔اس لیے میں نے ولید کی امان کو اسے واپس کر دیا ہے۔اس کے بعد حضرت عثمان لوٹ گئے۔(اسد الغابه جلد 3 صفحه 589-590 عثمان بن مظعون دار الكتب العلميه بيروت 2003ء) اس ہجرت حبشہ کا ذکر پہلے بھی مختلف صحابہ کے ذکر میں ہو تا رہا ہے۔مختصر بیان کر دیتا ہوں۔حضرت مرزا بشیر احمد صاحب نے بھی اس کو تاریخ کے مختلف حوالوں سے لکھا ہے کہ جب مسلمانوں کی تکالیف انتہا کو پہنچ گئیں اور قریش اپنی ایذارسانی میں ترقی کرتے گئے تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے مسلمانوں سے فرمایا کہ وہ حبشہ