خطبات مسرور (جلد 17۔ 2019ء) — Page 204
خطبات مسرور جلد 17 204 16 خطبہ جمعہ فرمودہ مورخہ 19 اپریل 2019 خطبہ جمعہ سیدنا امیر المومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ مورخہ 19 / اپریل 2019ء بمطابق 19 / شہادت 1398 ہجری شمسی بمقام مسجد بیت الفتوح، مورڈن، لندن، یو کے تشہد و تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: آج جن بدری صحابی کا میں ذکر کروں گا ان کا نام ہے حضرت عثمان بن مظعونؓ۔ان کی کنیت ابو سائب تھی۔حضرت عثمان کی والدہ کا نام سُخيله بنت عنبس تھا۔حضرت عثمان اور آپ کے بھائی حضرت قدامہ۔حلیے میں باہم مشابہت رکھتے تھے۔آپ کا تعلق قریش مکہ کے خاندان بنو مجمع سے تھا۔(الطبقات الكبرى جلد 3 صفحه 305 306 عثمان بن مظعون دار الكتب العلمية بيروت 1990ء) حضرت عثمان بن مظعون کے قبول اسلام کا واقعہ اس طرح ملتا ہے۔حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ ایک مرتبہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مکہ میں اپنے گھر کے صحن میں تشریف فرما تھے۔وہاں سے عثمان بن مظعون کا گزر ہوا۔وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھ کر مسکرائے۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے فرمایا کیا تم بیٹھو گے نہیں ؟ انہوں نے کہا کیوں نہیں۔چنانچہ وہ آپ کے سامنے آکے بیٹھ گئے۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم ان سے بات کر رہے تھے کہ اچانک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی نگاہیں اوپر کو اٹھائیں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک لمحے کے لیے آسمان کی طرف دیکھا۔پھر آہستہ آہستہ اپنی نگاہیں نیچی کرنے لگے یہاں تک کہ آپ نے زمین پر اپنے دائیں طرف دیکھنا شروع کر دیا اور اپنے ساتھ بیٹھے ہوئے عثمان سے منہ پھیر کر دوسری طرف متوجہ ہو گئے اور اپنا سر جھکا لیا۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس دوران میں اپنے سر کو یوں ہلاتے رہے گو یا کسی بات کو سمجھ رہے ہیں۔عثمان بن مظعون پاس بیٹھے ہوئے تھے، یہ سب دیکھ رہے تھے۔تھوڑی دیر بعد جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس کام سے فارغ ہوئے یا جو بھی اس وقت صورت حال تھی اس سے فارغ ہوئے اور جو کچھ آپ سے کہا جارہا تھا، جو بظاہر لگ رہا تھا کہ کچھ کہا جارہا ہے، حضرت عثمان کو تو نہیں پتا تھا لیکن بہر حال آنحضرت صلی اللہ علیہ سے کہا جارہا تھا وہ آپ نے سمجھ لیا تو پھر آپ کی نگاہیں آسمان کی طرف اٹھیں جیسے پہلی مرتبہ ہوا تھا۔آپ کی نگاہیں کسی چیز کا پیچھا کرتی رہیں یہاں تک کہ وہ چیز آسمان میں غائب ہو گئی۔اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم پہلے کی طرح عثمان بن مظعون کی طرف متوجہ ہوئے تو عثمان کہنے لگے کہ میں کس مقصد کی خاطر آپ کے پاس آؤں اور بیٹھوں ؟ حضرت عثمان نے کہا، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ سوال کیا کہ آج آپ نے جو کچھ کیا ہے اس سے پہلے میں نے آپ کو ایسا کرتے ہوئے نہیں دیکھا۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا کہ تم نے مجھے کیا