زندہ درخت

by Other Authors

Page 157 of 368

زندہ درخت — Page 157

زنده درخت گھوڑے سب لے گئے۔میں نے بھی ضرورت کے وقت کے لئے ایک گھوڑی خرید رکھی تھی مگر ایک جاننے والے غیر مسلم خاندان کے لڑکے نے چھین لی۔لٹے پٹے لوگ ایک طرح محاصرے میں گھرے ہوئے تھے اب اللہ تعالیٰ کی شان دیکھئے کہ جو درویش وہاں رہ گئے تھے اُن میں ہرفن اور پیشے کا فرد موجود تھا۔ہم ہر ضرورت آپس میں کام کر کے پوری کر لیتے۔شہر بھر کو ہماری ضرورت پڑتی مگر ہمیں کسی کی محتاجی نہ ہوئی۔ضرورت کا سامان بھی انہیں محصور علاقوں سے مل جاتا جو افراتفری میں لوگ لا لا کر ڈال گئے تھے۔میاں عبدالمنان صاحب نے میری ڈیوٹی کھانے کا انتظام کرنے پر لگا دی لنگر خانے کا آٹا ختم ہو گیا تو ہم نے گندم کے دانے بھون کر اور ابال کر کھائے کھچڑی کی دیگیں پکائیں دال موجود تھی وہی تل تل کر دینے لگے۔خوب خدمت کا موقع ملا۔کچھ دنوں کے بعد ملٹری کے آدمی اور دس بارہ دوسرے آدمیوں کو ساتھ لے کر میں نے کوشش کی کہ گھر کا قیمتی سامان لے آؤں دراصل ہمارے گھر میں دوسروں کی بھی امانتیں تھیں مگر ہوا یہ کہ لوٹنے والوں کی تالا توڑنے کی اتنی ناکام کوششیں ہو چکی تھیں کہ اصلی چابی سے بھی نہ کھلا۔مگر اُن کو یہ اندازہ ہو گیا کہ اس مکان سے کچھ ملے گا ضرور۔پہلے تو حکومت کے آدمیوں نے حفاظت کا کہہ کر پہرہ بٹھا دیا پھر با قاعدہ قبضہ کر لیا۔سارا سامان لوٹ لیا اور ایک مقامی باشندے کو اُس پر قبضہ کرنے کا موقع ملا جس نے بھاری فرنیچر ، جو توڑ نہ جاسکا تھا ، باہر کی دیوار توڑ کر نکالا اور بٹالہ لے گیا۔یہ سب میرے سامنے ہوا۔مگر صبر کرنا پڑا۔ایک دن میں نے اپنے گھر کے قبضہ کنندہ سے کہا کہ باباجی گھر میں کچھ قیمتی دوائیں اور جڑی بوٹیاں میں اگر آپ کو بتا دوں تو کم از کم آپ کے کام آجائیں میں آپ کو اوپر جا کر سمجھا دیتا ہوں۔پہلے تو اس نے او پر جانے سے منع کر دیا پھر قیمتی کے لفظ سے یہ سوچ کر کہ شاید کوئی مالی فائدہ ہو او پر بلا لیا میں نے سب کچھ سمجھا کر اس کی اجازت سے صرف پیپل کے پیڑ کی داڑھی اُٹھالی۔وہ بضد ہوا کہ اس کا فائدہ بھی سمجھاؤ۔مگر میں نے کہا کہ جب میں یہ ساتھ لے جارہا ہوں تو آپ کو کیا فائدہ ہوگا۔اس کے خواص سمجھ کر اس نے ہاتھ جوڑ کر ایک چھٹانک مانگی جو میں نے دے دی۔157