ذوق عبادت اور آداب دُعا — Page 430
430 کچھ دکھائی نہیں دے گا۔پس اللہ تعالی یہ دعا سکھا کر بہت عظیم احسان ہم پر فرماتا ہے۔اس طرح متوجہ کرتا ہے کہ تم میرے نور کے اگر محتاج ہو اور واقعی مجھ سے مزید نور چاہتے ہو تو اپنے باطن کا نور بڑھاؤ اور خدا سے یہ دعا کرو کہ اے خدا ہمارا نور کامل فرما دے ہمارے اندر بہت سی ایسی کمزوریاں ہیں کہ ہم تیرے نور سے پوری طرح استفاده نہیں کر سکتے ان کمزوریوں کو دور فرماتا رہ تاکہ ہم زیادہ سے زیادہ نور کے اہل بن سکیں۔واغفر لنا کا مضمون ان معنوں میں اس مضمون سے تعلق رکھتا ہے کہ ہماری صلاحیتیں جو تو نے ہمیں بخشی ہیں ہو سکتا ہے ہم نے ان کا غلط استعمال کیا ہو اور اس وجہ سے ان کے اندر پوری طرح دیکھنے کی طاقت نہ رہی ہو اس لئے ہم بخشش کے طالب ہیں۔اگر کچھ گناہ سرزد ہوئے ہیں۔کچھ غلطیاں ہوتی ہیں تو تو در گزر فرما اور بخش دے تاکہ ہماری خوابیدہ صلاحیتیں جاگ اٹھیں۔ہماری مرتی ہوئی صلاحیتوں میں نئی زندگی پیدا ہو جائے۔إِنَّكَ عَلى كُلِّ شَيْءٍ قَدِير تو ہر چیز پر قادر ہے۔جب چاہے یہ فیصلہ کرے کہ کس کی مرتی ہوئی صلاحیتیں زندہ ہوں۔تو اس بات پر قادر ہے کہ انہیں زندہ کر سکے لیکن دنیا میں ہم ہر چیز پر قادر نہیں ہیں۔اب نور کی بات ہو رہی ہے۔ڈاکٹر کے پاس اگر کوئی شخص آنکھیں دکھانے کے لئے جائے اور ڈاکٹر یہ معلوم کرے کہ اس کا اندرونی نور مر چکا ہے۔یعنی وہ رگ یا NERVE جسے OPTICAL NERVE کہا جاتا ہے۔اس میں نور نہیں رہا تو ڈاکٹر ہمیشہ عاجزی سے یہ کہے گا کہ اب کچھ نہیں ہو سکتا۔ہمارے بس کی بات نہیں اور یہ بتائے گا کہ جو رگیں مر جائیں، جو NERVES مر چکی ہوں ان کو کوئی انسان دوبارہ زندہ نہیں کر سکتا تو اِنَّكَ عَلى كل شيء قدیر نے ایک نئی امید پیدا کر دی۔ہمیں یہ بتایا کہ دنیا کے تجربے میں تو ہم یہ دیکھتے ہیں کہ بعض دفعہ اندرونی صلاحیتیں مر چکی ہوں تو دوبارہ زندہ نہیں ہو سکتیں مگر اے خدا تو تو قادر ہے۔تو چاہے تو مرے ہوؤں کو بھی زندہ کر سکتا ہے۔پس ہم تجھ سے ہر چیز مانگتے ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ تو ہر چیز عطا کرنے کی قدرت رکھتا ہے۔