زرّیں ہدایات (جلد اوّل برائے مبلغین۔1915ء تا 1930ء)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 6 of 467

زرّیں ہدایات (جلد اوّل برائے مبلغین۔1915ء تا 1930ء) — Page 6

زریں ہدایات ( برائے مبلغین ) 6 جلد اول ہو جائیں گے بلکہ تسلی رکھیں کہ فتح آپ کی ہوگی۔اور پھر ساتھ ہی خدا تعالیٰ کے غنا پر نظر رکھیں۔خوب یاد رکھیں کہ وہ جو اپنے علم پر گھمنڈ کرتا ہے وہ دین الہی کی خدمت کرتے وقت ذلیل کیا جاتا ہے اور اس کا انجام اچھا نہیں ہوتا۔لیکن ساتھ ہی وہ جو خدمت دین کے وقت دشمن کے رعب میں آتا ہے خدا تعالیٰ اس کی بھی مدد نہیں کرتا۔نہ تو گھمنڈ ہو نه فخر ، نہ گھبراہٹ ہو نہ خوف۔متواضع اور یقین سے پُر دل کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کریں۔پھر کوئی دشمن اللہ تعالیٰ کی نصرت کی وجہ سے آپ پر غالب نہ آ سکے گا۔اگر کسی ایسے سوال کے متعلق بھی آپ کا مخالف آپ سے دریافت کرے گا جو آپ کو نہیں معلوم تو بھی خدا کے فرشتے آپ کی زبان پر حق جاری کریں گے اور الہام کے ذریعہ سے آپ کو علم دیا جائے گا۔یہ یقینی اور سچی بات ہے اس میں ہر گز شک نہ کریں۔آپ جس دشمن کے مقابلہ کے لئے جاتے ہیں وہ وہ دشمن ہے کہ تین سو سال سے بلکہ اس سے بھی زیادہ عرصہ سے اسلام کی لہروں نے اس سے سر ٹکرایا ہے۔لیکن سوائے اس کے کہ واپس دھکیلی گئیں کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔اس دشمن نے اسلام کے قلعے ایک ایک کر کے فتح کر لئے ہیں۔پس بہت ہوشیاری کی بات ہے لیکن مایوسی کی نہیں۔کیونکہ جس اسلام کو اس نے زیر کیا ہے وہ حقیقی اسلام نہ تھا بلکہ اس کا ایک مجسمہ تھا۔اور اس میں کیا شک ہے کہ رستم کے مجسمہ کو بھی ایک بچہ دھکیل سکتا ہے۔آپ حقیقی اسلام کے حربہ سے ان پر حملہ آور ہوں وہ خود بخود بھاگنے لگے گا۔یورپ اس وقت مادیات میں گھرا ہوا ہے، دنیاوی علوم کا خزانہ ہے، سائنس کا دلدادہ ہے۔اسے گھمنڈ ہے کہ جو اس کا خیال ہے وہی تہذیب ہے اور اس کے سوا جو کچھ ہے بد تہذیبی ہے ، وحشت ہے۔اس کے علم کو دیکھ کر لوگ اس کے اس دعوئی سے ڈر جاتے ہیں اور اس کے رعب میں آجاتے ہیں حالانکہ یورپ کے علوم اس علم کا مقابلہ نہیں کر سکتے جو قرآن کریم میں ہے۔اس کے علوم روزانہ بدلنے والے ہیں اور قرآن کریم کی پیش کردہ صداقتیں نہ بدلنے والی صداقتیں ہیں۔پس ایک مسلم جو قرآن پر ایمان رکھتا ہو ایک