تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ہفتم۔ 1985 تا 1987) — Page 845
تحریک جدید - ایک الہی تحریک خطبہ جمعہ فرمودہ 20 نومبر 1987ء کہ اب میں لٹریچر مانگنے کے لئے آیا ہوں۔مجھے مذہب کے متعلق ہر قسم کا لٹریچر دو۔مذہب سے مراد اسلام تھی اور میں اس کا مطالعہ کرنا چاہتا ہوں۔اور اس کے علاوہ بھی کثرت سے وہاں سے مطالبے شروع ہو گئے۔تو صرف یہ ایک نمونہ ہے، جو ہر جگہ اسی طرح دہرایا گیا ہے، اللہ کے فضل سے۔تو میں نے یہ محسوس کیا کہ باوجود اس کے کہ عام تاثر یہی ہے کہ امریکہ میں اسلام کے خلاف شدید نفرت پائی جاتی ہے۔یہ تاثر درست بھی ہے اور غلط بھی ہے۔اسلام کے خلاف نفرت نہیں ہے۔اس اسلام کے خلاف نفرت ہے، جو بگڑی ہوئی صورت میں آج امریکہ کے سامنے پیش کیا جارہا ہے۔ایک اور پہلو سے ان سب مواقع پر ان کی سوسائٹی کا مطالعہ کرنے کا موقع ملا۔کیونکہ میں تو اس نظر سے ان کو دیکھتا رہا کہ اسلام کے داخل کرنے کے لئے کون کون سے مواقع ہیں؟ کون کون سے نئے رستے کھل سکتے ہیں؟ جیسا کہ میں پہلے بیان کرتا رہا ہوں، میرا تا ثر امریکہ کے متعلق یہی تھا اور وہ درست ہے کہ سب دنیا میں اس وقت گندگی پھیلانے کا سب سے بڑا مرکز امریکہ ہے۔اور ہر بدی وہاں ایجاد ہوتی ہے، ہر دنیا کی برائی امریکہ سے پھوٹ رہی ہے۔لیکن ایک اور پہلو سے مجھے اس سفر میں جب ان کے حالات کے مطالعہ کا موقع ملا۔تو معلوم ہوا کہ یہ پوری صحیح تصویر نہیں ہے۔اس کو زیادہ وضاحت کے ساتھ پیش کرنے کی ضرورت ہے۔چنانچہ اس کی طرف مجھے ایک امریکہ کے کانگرس مین نے توجہ دلائی۔جب وہ ملاقات کے لئے تشریف لائے تو ضمناً ان کو یہ اندازہ ہو گیا کہ میری امریکہ کے متعلق رائے اچھی نہیں ہے۔تو انہوں نے کہا کہ آپ اس پہلو سے جب ملاقاتیں کریں گے ، تصور کریں گے تو اس پہلو سے ضرور مطالعہ کریں کہ امریکن عوام اچھے لوگ ہیں ، دل کے اچھے ہیں ، سادہ ہیں اور ان کے دل میں برائی نہیں ہے۔یہ الگ بات ہے کہ وہ خود بعض بڑے بڑے Cartels کا شکار ہو چکے ہیں۔بڑی بڑی مافیا قسم کی تنظیموں کے نیچے وہ بے بس ہیں۔یہ آخری لفظ تو انہوں نے نہیں کہے مگر مراد یہی تھی کہ آپ ان کو دیکھیں گے کہ وہ خود معصوم اور بے قصور لوگ ہیں۔چنانچہ اس سے مجھے بڑا فائدہ پہنچا۔انہوں نے جو یہ اس زاویے سے امریکنوں کے حالات کے جائزے کا مشورہ دیا تو اس کا میں بڑا ممنون ہوں۔کیونکہ اس سے مجھے واقعہ بہت فائدہ پہنچا اور سارے امریکہ کے سفر کے دوران ملاقاتوں کے بعد، جن میں گورے بھی تھے، کالے بھی۔افریقین بسے ہوئے بھی اور دوسرے ملکوں سے آئے ہوئے بھی۔میں نے یہ اندازہ کیا کہ سارا امریکہ خود اس وقت غلام بنا ہوا ہے، اپنے 845