تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ششم۔ 1982 تا 1984) — Page 588
خطاب فرمودہ 30 ستمبر 1983ء تحریک جدید - ایک الہی تحریک آج جب ہم مڑ کر دیکھیں تو واقعہ صلیب کی روشنی افق تا افق تمام سلطنت روما پر چھائی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔بلکہ اس زمانے میں روئے ارض پر رونما ہونے والا سب سے زیادہ اہم اور جلیل القدر اور روشن واقعہ آغاز مسیحیت میں ہی دکھائی دیتا ہے۔گو یا وقت کا بوڑھا مصور دو ہزار سال سے پیہم اس عمل میں مصروف ہے کہ عصر صیح کے ہر دوسرے نقش کو مدھم کرتا اور مٹاتا چلا جائے اور آغاز مسیحیت کو ہر لمحہ پہلے سے بڑھ کر اجاگر کرتے ہوئے ، اس میں نئے رنگ بھرتا رہے۔پس اگر جماعت احمد یہ وہی جماعت ہے، جو امت محمدیہ میں پیدا ہونے والے مسیح ثانی نے قائم کرنی تھی تو آج آسٹریلیا کے اس عظیم بر اعظم میں احمدیہ مسلم مشن کا آغاز بلاشبہ آسٹریلیا کی تاریخ کا عظیم ترین واقعہ ہے۔میں جانتا ہوں کہ میرے اس دعوی کو باور کرنے کی راہ میں ایک بہت بڑا اگر حائل ہے۔یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا کہ اس غریبانہ اور عاجزانہ آغاز کا انجام کیا ہے؟ لیکن مجھے اتنا ضرور کہنے دیجئے کہ اہل بصیرت اور اولو الباب کسی صداقت کو پہچاننے کے لئے مستقبل کا انتظار نہیں کیا کرتے۔انہیں اس ننھے سے بیچ میں ہی وہ آثار دکھائی دیتے ہیں، جو ایک عظیم درخت کا خاکہ اپنے اندر رکھتا ہے۔وہ شفق صبح کی پیش رو علامتوں ہی سے بھانپ لیتے ہیں کہ کتنے بڑے اور روشن دن کی صبح طلوع ہونے والی ہے۔آپ اہل آسٹریلیا، جو اس وقت میرے مخاطب ہیں، شاید اپنی تاریخ کے حوالے سے میری بات کو آسانی سے سمجھ سکیں۔اس لئے آئیے ! اب میں آپ کو یہ بتاؤں کہ آسٹریلیا کی سابقہ تاریخ کے پس منظر میں آج کے دن کی حیثیت کیا ہے؟ میرے نزدیک یہ دن آسٹریلیا کی روحانی اور مذہبی دریافت کا پہلا دن ہے۔گویا آج ہم نے آپ کو اعلیٰ مذہبی اور روحانی اقدار سکھانے کی غرض سے از سرنو دریافت کیا ہے۔پس اس دن کو اس دن سے ایک گونہ مناسبت ہے، جس دن کیپٹن جیمز کک نے آسٹریلیا کو از سرنو دریافت کیا تھا۔(World mark encyclopedia of the nations vol 4 13) page گواس سے پہلے ولندیزی اور پرتگالی ملاح اسے دریافت کر چکے تھے۔لیکن کیپٹن جیمز لک وہ شخص ہے، جس نے انگلستان کی نو آبادی کے طور پر اسے از سر نو دریافت کیا۔اسی طرح آج جماعت احمدیہ آپ کو اسلام کے لئے از سر نو دریافت کر رہی ہے۔اور دم نہیں لے گی ، جب تک اس پورے براعظم کو محبت و پیار اور عقل و دانش اور مضبوط عقلی و نقلی دلائل کے ساتھ جیت نہ لے۔یہ ایک روحانی فتح کا پروگرام ہے، جس کا جغرافیائی اور سیاسی غلبہ سے کوئی دور کا بھی تعلق نہیں۔یہ ایک دل جیتنے کا منصوبہ ہے، جس کا جبر واکراہ سے کسی قسم کا واسطہ نہیں۔588