تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ششم۔ 1982 تا 1984)

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 27 of 1012

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد ششم۔ 1982 تا 1984) — Page 27

تحریک جدید - ایک الہبی تحریک خطبہ جمعہ فرمودہ 03 ستمبر 1982ء یورپ کا اخلاقی انحطاط اور جماعت احمدیہ کی ذمہ داری خطبہ جمعہ فرمودہ 03 ستمبر 1982ء تشہد وتعوذ اور سورہ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔اب تک کے مختصر سے سفر میں یورپ کے جتنے ممالک میں بھی جانے کا موقع ملا ہے، یہ احساس زیادہ شدت کے ساتھ پیدا ہوتا رہا ہے کہ یہ قومیں مجموعہ تضادات ہیں۔ایک پہلو سے ان کو دنیا کی ترقیاں نصیب ہوئیں اور ابھی تک وہ ترقیاں ان کو حاصل ہیں۔اور ایک دوسرے پہلو سے یعنی روحانی اور اخلاقی لحاظ سے یہ لوگ گرتے چلے گئے۔یہاں تک کہ اس آخری کنارے پر پہنچ گئے ہیں، جس سے آگے سزا و جزا کا دور شروع ہوتا ہے۔مزید آگے بڑھنے کی مہلتیں نہیں ملا کرتیں۔اور یہ جو point یعنی نقطہ ہے، جہاں پہنچ کر تو میں سزا اور جزا کے عمل میں داخل ہو جاتی ہیں، جسمانی اور مادی ترقی کا دور بھی وہاں تک پہنچا ہوا ہے۔اور یہ دونوں سمتوں کے نقطے آپس میں ملنے والے ہیں۔مادی ترقی بھی جب اخلاقی ضوابط سے آزاد ہو جاتی ہے تو خود انسان کی تباہی کے لئے استعمال ہونے لگتی ہے۔اس کی ایسی ہی مثال ہے، جیسے کسی کو زیادہ تیز رفتار کار چلانے کی مشق نہ ہو، اس کی مہارت نہ ہو اور وہ اپنی طاقت سے بڑھ کر تیز کار چلانے لگ جائے۔مادی ترقی کا تو کوئی آخری کنارہ نہیں ہے۔خدا تعالیٰ کی قدرتیں بے انتہا ہیں۔انسان جتنی کوشش کرلے گا، اتنا آگے بڑھتا چلا جائے گا۔لیکن وہ اخلاقی ضوابط ، جو باگ ڈور کے طور پر کام دیتے ہیں، جب وہ نہ رہیں تو مادی ترقی خود اپنی تباہی کے لئے استعمال ہو جاتی ہے۔پس روحانی اور اخلاقی لحاظ سے دیکھیں تب بھی یہ نظر آتا ہے کہ وہ منزل آنے والی ہے، جہاں پہنچ کر ایسی قوموں کو مزید آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔اور مادی ترقی کے لحاظ سے بھی دیکھیں، تب بھی وہ مہلک ہتھیار اور ہلاکتوں کے خوفناک ذرائع ، جو مادی ترقی کے نتیجہ میں پیدا ہوئے ہیں، وہ اس بات کی خبر دے رہے ہیں کہ وہاں بھی آخری مقام آنے والا ہے۔اور دراصل مہلک ہتھیاروں کی ایجادہی اس بات کا پیش خیمہ بن جاتی ہے کہ ضرور ہلاکت سر پر کھڑی ہے۔کیونکہ مہلک ہتھیار در اصل تصویر ہوتے 27