تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد سوم۔ 1948 تا 1964)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 585 of 802

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد سوم۔ 1948 تا 1964) — Page 585

تحریک جدید - ایک الہی تحریک جلد سوم اقتباس از خطبه جمعه فرموده 02 مارچ 1956ء دعائیں کرتے ہوئے تحریک جدید کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کریں خطبہ جمعہ فرمودہ 02 مارچ 1956ء اس کے بعد میں اختصار کے ساتھ دوستوں کو ایک واقعہ کی طرف توجہ دلاتا ہوں، جو مجھے لاہور میں پیش آیا۔میں ایک دوست کو ملنے کے لئے اس کے مکان پر گیا تو اتفاقاً وہاں حکومت مغربی پاکستان کے ایک ذمہ دار افسر بھی بیٹھے ہوئے تھے۔وہ میرے پرانے واقف تھے، اس لئے جب میں وہاں گیا تو وہ کھڑے ہو گئے اور بڑی محبت سے ملے۔اس کے بعد بیٹھے تو انہوں نے اپنی گفتگو کے دوران میں بتایا کہ میں چند دن ہوئے ، حکومت مغربی پاکستان کے ایک ذمہ دار افسر کو ملنے کے لئے گیا تھا۔انہوں نے باتوں باتوں میں اس بات کا ذکر کیا کہ مرزائی بھی آرام سے نہیں بیٹھتے۔وہ روزانہ نئی نئی باتیں نکالتے رہتے ہیں، جس کی وجہ سے دوسرے مسلمانوں کو اشتعال آجاتا ہے۔چنانچہ انہوں نے کہا کہ اب مرزائیوں نے ایک نئی تحریک شروع کر دی ہے ، جس کی وجہ سے دوسرے مسلمان چڑتے ہیں۔آپ بتائیں کہ یہ کیا بات ہے؟ میں نے انہیں بتایا کہ ہم نے کوئی نئی تحریک شروع نہیں کی۔ہاں 1934ء میں ایک تحریک جاری کی گئی تھی، جس پر بائیس سال گزر چکے ہیں۔چونکہ اس کا نام تحریک جدید ہے ، اس لئے مخالفوں کو موقع مل گیا ہے کہ وہ بالا افسران سے کہیں کہ ہم نے اب ایک نئی تحریک شروع کر دی ہے۔اس پر وہ ہنس پڑے اور کہنے لگے 1934 ء والی تحریک کا تو مجھے علم ہے۔میں بھی اسی سال مذہبی جوش میں احرار کے جلسے میں شمولیت کے لئے قادیان گیا تھا۔اور مجھے یاد ہے کہ آپ نے ان دنوں ایک نئی تحریک جاری کی تھی۔پھر میں نے انہیں بتایا کہ اول تو جیسا کہ آپ جانتے ہی ہیں، یہ تحریک نئی نہیں بلکہ 1934 ء سے جاری ہے اور اس پر بائیس سال کا گزر چکا ہے۔دوسرے اگر یہ تحریک نئی بھی ہو، تب بھی مسلمانوں کے لئے اس پر چڑنے کی کوئی وجہ نہیں ہو سکتی۔کیونکہ اس تحریک کا مقصد یورپ اور امریکہ میں تبلیغ اسلام کرنا ہے۔اور اگر یورپ اور امریکہ میں اسلام کی تبلیغ کی جائے تو اس میں پاکستانی مسلمانوں کو چڑنے کی کیا ضرورت ہے۔اس پر انہوں نے بتایا کہ وہ کئی دفعہ حکومت کی طرف سے غیر ممالک کے دورہ پر گئے ہیں اور وہاں انہوں نے ہمارے مبلغوں کو دیکھا ہے اور ان کا تاثریہ ہے کہ وہ بہت عمدہ کام کر رہے ہیں۔585