تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد اول۔ 1934 تا 1939) — Page 702
اقتباس از خطبه جمعه فرموده 4 اگست 1939ء تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔۔جلد اول ایک موت ہے جس کا ان سے مطالبہ کیا جارہا ہے۔تم میں سے کئی ہیں جو کہتے ہیں کہ ہم نے سینما نہیں دیکھا ہم مر گئے تم میں سے کئی ہیں جو کہتے ہیں کہ ہم ہمیشہ ایک کھانا کھاتے ہیں ہم تو مر گئے تم میں سے کئی ہیں جو کہتے ہیں ہمیں تو ہمیشہ سادہ رہنا پڑتا ہے ہم تو مر گئے تم میں سے کئی ہیں جو کہتے ہیں ہمیں رات دن چندے دینے پڑتے ہیں ہم تو مر گئے ، میں کہتا ہوں ابھی تم زندہ ہو۔میں تو تم سے حقیقی موت کا مطالبہ کرتا ہوں کیونکہ خدا یہ کہتا ہے کہ جب تم مرجاؤ گے تو پھر میں تمہیں زندہ کروں گا۔پس یہ موت ہی ہے جس کا میں تم سے مطالبہ کرتا ہوں اور یہ موت ہی ہے جس کی طرف خدا اور اس کا رسول تمہیں بلاتا ہے اور یاد رکھو کہ جب تم مر جاؤ گے تو اس کے بعد خدا تمہیں زندہ کرے گا۔پس تم مجھے یہ کہہ کر مت ڈراؤ کہ ان مطالبات پر عمل کرنا موت ہے۔میں کہتا ہوں کہ یہ موت کیا اس سے بڑھ کر تم پر موت آنی چاہئے تا کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے کامل احیا تمہیں حاصل ہو۔پس اگر یہ موت ہے تو خوشی کی موت ہے، اگر یہ موت ہے تو رحمت کی موت ہے اور بہت ہی مبارک وہ شخص ہے جو موت کے اس دروازہ سے گزرتا ہے کیونکہ وہی ہے جو خدا تعالیٰ کے ہاتھوں ہمیشہ زندہ کیا جائے گا۔( مطبوعه الفضل 22 اگست 1939 ء ) | 702