تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد اول۔ 1934 تا 1939) — Page 703
تحریک جدید- ایک الہی تحریک۔۔۔جلد اول وو اقتباس از خطبه جمعه فرمودہ 20 اکتوبر 1939ء تحریک جدید کے سات روزے ماہ شوال میں رکھے جائیں خطبه جمعه فرمودہ 20 اکتوبر 1939ء۔۔۔۔۔۔۔اس سال تحریک جدید کے سلسلہ میں روزوں کے متعلق میں نے تا حال کوئی اعلان نہیں کیا۔اس کے متعلق میں آج اعلان کرتا ہوں۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے کہ آپ شوال کے روزے رکھا کرتے تھے۔پس اس سال کے لئے تحریک جدید کے مقررہ سات روزے میں شوال کے مہینہ میں مقرر کرتا ہوں۔اس طرح ایک تو اس سنت پر عمل ہو جائے گا اور دوسرے ہمارا روزے رکھنے کا طریق بھی پورا ہو جائے گا۔میں نے تو حساب نہیں کیا۔دیکھ لیا جائے اگر پیر یا جمعرات کو عید نہ ہو تو ان میں سے جو بھی پہلے آئے اس دن پہلا روزہ رکھا جائے اور اس سے شروع کر کے پھر ہر پیر اور جمعرات کو روزے رکھے جائیں اور سات پورے کئے جائیں۔اس سال کے روزوں کے متعلق دعاؤں کے سلسلہ میں میں یہ اعلان کرنا ضروری سمجھتا ہوں کہ جہاں اپنے لئے ، اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کیلئے سلسلہ کیلئے اور اسلام کے لئے دعائیں کریں وہاں یہ بھی خیال رکھیں کہ یہ تحریک جدید کا چھٹا سال ہوگا اور اس طرح وہ چوٹی پر پہنچ کر نیچے کی طرف اتر رہی ہوگی اور یہ دن زیادہ قربانی کے ہوں گے۔پس دوست دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ انہیں زیادہ قربانیوں کی توفیق دے اور اسلام کی ترقی کے لئے ایسا مستقل فنڈ اور مجاہدین کی جماعت پیدا کر دے جو اسلام کے جھنڈے کو دنیا میں کھڑا کر سکے اور دنیا کے کناروں تک پہنچا سکے۔نیز اللہ تعالیٰ مجھے بھی اور دوسرے کارکنوں کو بھی توفیق دے کہ اللہ تعالیٰ کے اموال کو زیادہ سے زیادہ دیانت اور دانائی سے خرچ کر سکیں۔جن لوگوں نے اس میں حصہ لیا ہے ان پر اپنے انعام کرے، جنہوں نے وعدے کئے ہوئے ہیں ان کو پورا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور جو لوگ نئے شامل ہوئے ہیں یا جن کی پہلے کوئی آمد نہ تھی اب ہو گئی ہے۔مثلاً پہلے طالب علم تھے مگر اب ملازم ہو گئے ہیں یا جن کی مالی حالت پہلے اچھی نہ تھی اب اچھی ہوگئی ہے ان کو بھی شامل ہونے کی توفیق عطا فرمائے“۔( مطبوعه الفضل 28 اکتوبر 1939ء) 703