تذکرہ — Page 747
۶؍ جنوری۱۸۹۱ء (الف) ’’خواب میں دیکھا کہ میرے پاس مرزا غلام قادر میرے بھائی کھڑے ہیں اور مَیں یہ آیت قرآن شریف کی پڑھتا ہوں غُلِبَتِ الرُّوْمُ فِیْ اَدْنَی الْاَرْضِ وَ ھُمْ مِّنْ بَعْدِ غَلَبِھِمْ سَیَغْلِبُوْنَ ۱؎ اور کہتا ہوں کہ اَدْنَی الْاَرْضِ سے قادیان مراد ہے اور مَیں کہتا ہوں کہ قرآن شریف میں قادیان کا نام درج ہے۔‘‘ (مکتوب از پیر سراج الحق صاحب نعمانی ؓ۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے دست ِمبارک کے لکھے ہوئے الہامات میں سے ) (ب) ’’ ایک دفعہ ہمیں یہ الہام ہوا کہ ’’غُلِبَتِ الرُّوْمُ فِیْٓ اَدْنَی الْاَرْضِ وَ ھُمْ مِّنْ بَعْدِ غَلَبِھِمْ سَیَغْلِبُوْنَ اور مجھے دکھایا گیا کہ اِس وعدہ کی آخری آیت تک جس قدر حروف ہیں ان میں اکمل اور اخلص موافقین کے نام بھی مخفی ہیں اور جو اشد انکار و عناد و مخالفت میں اپنی قوم میں سے ہیں ان کے نام بھی اس میں پوشیدہ ہیں۔‘‘ پھر فرمایا۔’’اور مَیں نے دیکھا کہ ایک شخص نے اَدْنَی الْاَرْض پر قرآن شریف میں ہاتھ رکھا ہوا ہے اور کہتا ہے کہ یہ قادیان کا نام ہے۔‘‘ ( تذکرۃ المہدی مصنفہ پیر سراج الحق صاحبؓ نعمانی حصّہ دوم صفحہ ۴۵ مطبوعہ دسمبر ۱۹۲۱ء و مکتوب پیر سراج الحق صاحبؓ نعمانی) ۲۷؍ فروری۱۸۹۱ء ’’ فَـجِٓـیْءَ بِـالْکِتَابِ فَھُزِمُوْا۔‘‘۲؎ ( مکتوب پیر سراج الحق صاحب نعمانی ؓو البشریٰ قلمی نسخہ مرتبہ پیر سراج الحق صاحب نعمانیؓ صفحہ ۵۵) ۱۸۹۱ء خواجہ حسن نظامی صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا ایک خط شائع کیا ہے جس کا اِقتباس درج ذیل ہے۔’’ہم نے آپ کی صحت کے لئے خدا سے دعا مانگی اور ہم کو الہام ہوا کہ خواجہ حسن نظامی ابھی بہت دن زندہ رہیں گے اور مسلمانوں کے بڑے بڑے کام کریں گے۔‘‘ ( الفضل مورخہ ۱۱؍ اکتوبر ۱۹۵۲ء صفحہ ۲ بحوالہ اخبار منادی دہلی بابت ماہ؍ ستمبر ۱۹۵۲ء صفحہ ۴ تا ۷) ۱ (ترجمہ از ناشر) اہل روم مغلوب کئے گئے۔قریب کی زمین میں۔اور وہ اپنے مغلوب ہونے کے بعد پھر ضرور غالب آجائیں گے۔(الرّوم: ۳، ۴) ۲ (ترجمہ از مرتّب) پھر کتاب لائی گئی۔تب انہیں شکست ہوئی۔(نوٹ از مولانا جلال الدین شمسؓ) پیر صاحبؓ لکھتے ہیں۔یہ الہام حضرت اقدس علیہ السلام کے دست ِ مبارک کے لکھے ہوئے سے نقل کئے گئے۔