سیرت المہدی (جلد اوّل)

by Hazrat Mirza Bashir Ahmad

Page 356 of 833

سیرت المہدی (جلد اوّل) — Page 356

سیرت المہدی 356 حصہ دوم مکانوں کی چھتوں اور درختوں کی شاخوں پر لوگ اس طرح چڑھے بیٹھے تھے کہ چھتوں اور درختوں کے گرنے کا اندیشہ ہو گیا تھا۔میں نے دیکھا کہ ایک انگریز اور لیڈی فوٹو کا کیمرہ ہاتھ میں لئے ہوئے ہجوم میں گھرے ہوئے کھڑے تھے کہ کوئی موقع ملے تو حضرت صاحب کا فوٹو لے لیں۔مگر کوئی موقعہ نہ ملتا تھا اور میں نے سنا تھا کہ وہ پچھلے کئی سٹیشنوں سے فوٹو کی کوشش کرتے چلے آرہے تھے۔مگر کوئی موقع نہیں ملا۔جب حضرت مسیح موعود علیہ السلام ریل سے اتر کر اس کوٹھی کی طرف روانہ ہوئے جو سردار ہری سنگھ رئیس اعظم جہلم نے آپ کے قیام کے لئے پیش کی تھی تو راستہ میں تمام لوگ ہی لوگ تھے اور آپ کی گاڑی بصدر مشکل کوٹھی تک پہنچی۔جب دوسرے دن آپ عدالت میں تشریف لے گئے تو مجسٹریٹ ڈپٹی سنسار چند آپ کی تعظیم کے لئے سروقد کھڑا ہو گیا اور اس وقت وہاں لوگوں کا اس قدر ہجوم تھا کہ جگہ نہیں ملتی تھی۔بعض لوگ عدالت کے کمرے میں الماریوں کے اوپر اور بعض مجسٹریٹ کے چبوترے پر چڑھے ہوئے تھے۔جہلم میں اتنے لوگوں نے حضرت صاحب کی بیعت کی کہ ہمارے وہم و خیال میں بھی نہ تھا۔خاکسار عرض کرتا ہے کہ اخبار البدر بابت آخر جنوری ۱۹۰۳ء میں سفر جہلم کے حالات مفصل درج ہیں۔اس میں لکھا ہے کہ حضرت مسیح موعود ۱۵ جنوری ۱۹۰۳ء کو قادیان سے روانہ ہوئے تھے اور ۱۶ کی صبح کو جہلم پہنچے اور ۱۹؍ جنوری کو واپس قادیان تشریف لائے۔راستہ میں کچھ دیر لاہور میں بھی قیام فرمایا۔اس سفر میں کم و بیش ایک ہزار آدمیوں نے بیعت کی۔راستہ کے سٹیشنوں پر بھی لوگوں کا غیر معمولی ہجوم ہوتا تھا۔چنانچہ لاہور کے غیر احمدی اخبار ”پنجہ فولاد کی مندرجہ ذیل عبارت اس پر شاہد ہے۔جہلم کی واپسی پر مرزا غلام احمد صاحب قادیانی وزیر آباد پہنچے۔باوجود یکہ نہ انہوں نے شہر میں آنا تھا اور نہ آنے کی کوئی اطلاع دی تھی اور صرف سٹیشن پر ہی چند منٹوں کا قیام تھا۔پھر بھی ریلوے سٹیشن کے پلیٹ فارم پر خلقت کا وہ ہجوم تھا کہ تل دھرنے کو جگہ نہ ملتی تھی۔اگر سٹیشن ماسٹر صاحب جو نہایت خلیق اور ملنسار ہیں ، خاص طور پر اپنے حسن انتظام سے کام نہ لیتے تو کچھ شبہ نہیں کہ اکثر آدمیوں کے کچل جانے اور یقیناً کئی ایک کے کٹ جانے کا اندیشہ تھا۔مرزا صاحب کے دیکھنے کیلئے ہندو اور مسلمان یکساں شوق سے موجود تھے۔دیکھوالحکم بابت ۳۱ جنوری ۱۹۰۳ء۔