سیرۃ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم

by Hazrat Mirza Bashir Ahmad

Page 746 of 1001

سیرۃ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم — Page 746

۷۴۶ ہو جائے گا۔اس حصہ میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم (فدا نفسی ) کے اس خط کا بلاک فوٹو بھی درج کیا جارہا ہے جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے مصر کے بادشاہ مقوقس کو لکھا تھا۔اگر چہ ان ساڑھے تیرہ سوسال کے عرصہ میں عربی کے رسم الخط میں کافی تبدیلی آچکی ہے لیکن غور کرنے سے بیشتر الفاظ پڑھے جاسکتے ہیں اور یہ الفاظ بعینہ وہی ہیں جو اسلامی روایتوں سے اس خط کے ثابت ہوتے ہیں۔پس میں نے نہ صرف تبرک کے خیال سے بلکہ اس خیال سے بھی کہ اس خط کی دریافت احادیث اور تاریخ اسلام کی صحت کا ایک زندہ ثبوت ہے اس خط کا فوٹو کتاب میں درج کر دیا ہے اور میرا دل اس نقشہ کو تصور میں لا کر خاص روحانی سرور حاصل کرتا ہے کہ جب آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اپنے منتخب صحابہ کے ساتھ بیٹھے ہوئے یہ مبارک الفاظ املا فرمارہے ہوں گے اور صحابہ کے دل اس مقدس انتظار کی کیفیت سے معمور ہوں گے کہ دیکھئے ان روحانی آبشاروں کے چھینٹوں کا کیا نتیجہ نکلتا ہے۔دوست دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ مجھے اس کتاب کے بقیہ حصہ یا حصوں کی تکمیل کی بھی توفیق عطا کرے اور اسے دنیا کے لئے زیادہ سے زیادہ مفید بنائے۔وبالله التوفيق وهو المستعان خاکسار مرزا بشیر احمد آف قادیان حال رتن باغ۔لاہور ۲ / اپریل ۱۹۴۹ء