سفر یورپ 1924ء — Page 301
ہو ، تا ایک ہفتہ بعد کی خبر میں آپ کو ایک ہفتہ پہلے پہنچ جائیں۔خرچ کا خیال ہے ورنہ دل چاہتا ہے کہ ان خبروں کو بذریعہ تار بلکہ بذریعہ وائرلیس بھیجا کروں تا دارالامان کے بزرگ، دوست اور عزیز بھی ممکن جلدی ان خوشیوں میں شریک ہوتے رہیں۔حضرت اقدس جیسا کہ میں نے لکھا تھا کل ایک نائیجیرین لیڈی کے ہاں چائے پر تشریف لے گئے جہاں چند اور نائیجیرین مرد، عورتیں بھی جمع تھے۔دو چار انگریز مرد عورتیں بھی شریک دعوت تھے۔یہ سب لوگ عیسائی تھے۔بہت ہی محبت اخلاص اور اکرام سے پیش آئے اور حتی المقدور نہایت کوشش سے حضور کی ہر ممکن خدمت کی۔چائے کے بعد ایک فوٹو حضور کا لیا گیا اور پھر ایک ایڈریس حضرت کی خدمت میں پیش کیا گیا جس کا خلاصہ یہ تھا کہ آپ نے بہت ہی عزت افزائی فرمائی اور ہم کو نوازا ہے کہ ہمارے غریب خانہ میں دعوت چائے پر تشریف لائے۔اس کے لئے ہم لوگ دل سے شکر یہ ادا کرتے ہیں اور کہ ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ آپ کو جب کبھی خدا موقع دے نائیجیر یا ضرور تشریف لائیں وہاں آپ کی ترقی جماعت کے لئے ہم لوگ دل سے خواہاں ہیں وغیرہ۔حضور نے اس کا جواب دیا اور فرمایا کہ میں آپ لوگوں کی محبت اور اخلاص کی قدر کرتا ہوں اور اس مہمان نوازی کے لئے شکریہ ادا کرتا ہوں۔یہاں آکر میرے معلومات میں اضافہ ہوا ہے اور کہ مجھے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ گویا میں کبھی مس پیز ( جیسا کہ گھر والی نائیجیرین عورت کا نام ہے ) پر کوئی احسان کرتا رہا ہوں۔نائیجیریا میں ہماری جماعت قائم ہے۔مبلغ موجود ہیں آپ لوگ ان سے مل کر ہمارے ساتھ محبت کا ثبوت دے سکتے ہیں۔ہمارا جانا تو سردست نہیں ہوسکتا مگر اس بات کو نظر انداز بھی نہیں کیا جا سکتا کہ ہمیں آپ کی قوم سے خاص محبت ہے بلکہ ہماری بہت سی اُمید میں آپ کی قوم سے وابستہ ہیں۔آپ لوگوں نے جس قدر محبت و اخلاص کا اظہار کیا ہے اور تعلق کا شوق ظاہر کیا ہے اور اس بات کا اشتیاق بتایا ہے کہ ہماری جماعت نائیجیریا میں ترقی کرے اس کے لئے ہم آپ کے تہ دل سے مشکور ہیں اور اُمید رکھتے ہیں کہ آپ لوگ جب وہاں جائیں گے تو ہمارے دوستوں اور مبلغوں سے مل کر ہمارے سلسلہ کے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کریں گے اور پھر ان پر غور کریں گے۔