سفر یورپ 1924ء — Page 205
۲۰۵ رات بھی ۱۲ بجے تک گویا پورے آٹھ گھنٹے تک متواتر تقریروں کا سلسلہ جاری رہا تھا۔کل کے ایڈریس کا مضمون مل گیا ہے۔آپ بزرگوں کی اطلاع و خوشی کی خاطر نقل کرتا ہوں گو کہ انگریزی ترجمہ مجھے اس کا مل گیا ہے مگر وہ ترجمہ بوجہ جلدی میں کئے جانے اور مختلف دوستوں کا ہونے کی وجہ سے اچھا نہیں۔شاید لطف ہی نہ آوے لہذا اصل اردو ارسال کرتا ہوں۔بسم الله الرحمن الرحيم اعوذ با الله من الشيطن الرجيم نحمده ونصلى على رسوله الكريم خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ ھوالناصر بہنو اور بھائیو! میں آپ کی اس تکلیف کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو آپ نے آج مجھے ملنے کے لئے آنے میں برداشت کی ہے۔اس کے بعد میں چاہتا ہوں کہ مختصراً اس غرض کو بیان کر دوں جس کے لئے میں دور کا سفر اختیار کر کے انگلستان پہنچا ہوں۔میرے مشاغل اور میری ذمہ داریاں مجھے مرکز سے دور جانے کے راستہ میں مانع ہیں اور در حقیقت میرا چند دنوں کے لئے بھی مرکز سے اس قدر فاصلہ پر جانا کہ مرکز سے فوری مشورہ میں دقت ہو کام میں سخت حرج واقع کرتا ہے مگر باوجودان مشکلات کے جو میں نے سفر اختیار کیا ہے تو سیر و سیاحت کی غرض سے نہیں بلکہ اس ہمدردی کی وجہ سے جو میں بنی نوع انسان سے محسوس کرتا ہوں۔میری سیر کا تو یہ حال ہے کہ جب انگلستان کے لوگ مجھے ملنے کے لئے آتے ہیں اور انگلستان کے متعلق مجھ سے رائے پوچھتے ہیں تو مجھے یہی جواب دینا پڑتا ہے کہ مجھے آپ کا ملک دیکھنے کا موقع نہیں ملا کہ میں کوئی تفصیلی رائے دے سکوں کیونکہ اس وقت تک تو اکثر دنوں میں مجھے ہوا خوری کے لئے بھی باہر جانے کا موقع نہیں ملا۔میری سیر وہی کام ہے جس کے لئے میں آیا ہوں اور وہ یہ ہے کہ میں ایسے طریقوں کو دریافت کروں جن کی مدد سے اپنے مغربی بھائیوں اور بہنوں کو وہ پیغام پہنچا سکوں جو خدا تعالیٰ نے اپنی مخلوق کے لئے بھیجا ہے۔واقعات ہمارے مخالف ہیں اور ہر ایک مقام پر ہمارے راستہ میں مشکلات ہیں اور میرا اس جگہ آنا ہی اس امر پر شاہد ہے کہ میں تسلیم کرتا ہوں کہ مشکلات حد سے بڑھی ہوئی ہیں مگر باوجود اس کے میں مایوس نہیں