تریاق القلوب

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 524 of 769

تریاق القلوب — Page 524

روحانی خزائن جلد ۱۵ ۵۲۴ تریاق القلوب تھی ۔ اسی طرح آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی مثیل فرعون یعنی ابو جہل کو جو والی مکہ سمجھا جاتا تھا اور عرب کے نواح کا فرماں روا تھا ہلاک کر کے اپنی قوم کو سلطنت عطا کی اور جیسا کہ موسیٰ نے کسی پہلے نبی سے اصطباغ نہیں پایا خود خدا نے اس کو سکھلایا۔ ایساہی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا استاد بھی خدا تھا کسی نبی کی مریدی اختیار نہیں کی۔ غرض ان چار باتوں میں محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وسلم اور موسیٰ علیہ السلام میں مماثلت تھی اور میں ابھی بیان کر چکا ہوں کہ جیسا کہ حضرت موسیٰ کا سلسلہ ایک ایسے نبی پر ختم ہوا جو چودہ سو برس کے ختم ہونے پر آیا اور باپ کے رو سے بنی اسرائیل میں سے نہیں تھا اور نہ جہاد کے ساتھ ظاہر ہوا تھا اور نہ اسرائیلی سلطنت کے اندر پیدا ہوا۔ یہی تمام باتیں خدا نے محمدی مسیح کے لئے پیدا کیں ۔ چودھویں صدی کے سر پر مجھے مامور کرنا اس حکمت کے لئے تھا کہ تا اسرائیلی مسیح اور محمدی مسیح اُس فاصلہ کے رُو سے جو اُن میں اور اُن کے مورث اعلیٰ میں ہے باہم مشابہ ہوں ۔ اور مجھے خدا نے قریش میں سے بھی پیدا نہیں کیا تا پہلے مسیح سے یہ مشابہت بھی حاصل ہو جائے کیونکہ وہ بھی بنی اسرائیل میں سے نہیں اور میں تلوار کے ساتھ بھی ظاہر نہیں ہوا اور میری بادشاہت آسمانی ہے اور یہ بھی اس لئے ہوا کہ تا وہ مشابہت قائم رہے اور میں انگریزی سلطنت کے ماتحت مبعوث کیا گیا اور یہ سلطنت رومی سلطنت کے مشابہ ہے اور مجھے اُمید (۲) ہے کہ اس سلطنت کے میرے ساتھ شاہانہ اخلاق رومی سلطنت سے بہتر ظاہر ہوں گے اور میری تعلیم وہی ہے جو میں اشتہا ر ۱۲ / جنوری ۱۸۸۹ء میں ملک میں شائع کر چکا ہوں اور وہ یہ کہ اُسی خدا کو مانو جس کے وجود پر توریت اور انجیل اور قرآن تینوں متفق ہیں ۔