راہِ ایمان

by Other Authors

Page 110 of 121

راہِ ایمان — Page 110

110 کے لئے اپنے نشانات و معجزات دکھلاتا ہے۔اس زمانہ میں جماعت احمدیہ کے بانی حضرت مرزا غلام احمد صاحب مسیح موعود علیہ السلام نے اسلام کی اس اعلیٰ درجہ کی خوبی کو خاص طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا ہے چنانچہ آپ فرماتے ہیں:۔”اے سُننے والو! ہمارا وہ خُدا ہے جو اب بھی زندہ ہے جیسا کہ پہلے زندہ تھا۔اور اب بھی بولتا ہے جیسا کہ پہلے بولتا تھا۔اور اب بھی وہ سنتا ہے جیسا کہ پہلے سنتا تھا۔یہ خیال خام ہے کہ اس زمانہ میں وہ سنتا تو ہے مگر بولتا نہیں۔وہ سنتا بھی ہے اور بولتا بھی ہے“۔پس یا درکھو اور خُوب یا درکھو! کہ اسلام کی سب سے بڑی خوبی جس کی وجہ سے ہم نے اُسے قبول کیا ہے، یہ ہے کہ وہ ایک زندہ خُدا کو پیش کرتا ہے جو پہلے کی طرح اب بھی سنتا ہے، بولتا ہے اور اپنے بندوں کی دعاؤں کا جواب دیتا ہے اور اُن کی خاطر اپنے نشانات اور معجزات دکھاتا ہے۔چنانچہ اس زمانہ میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور حضور کے خلفاء کے ذریعہ سے اس نے سینکڑوں بلکہ ہزاروں نشان اور معجزات ظاہر کئے۔یہی نہیں بلکہ آج بھی جو مسلمان سچے دل سے اپنی اصلاح کرنے کی کوشش کرے گا اور پھر خُدا سے دعائیں کرے گا۔خُدا ضرور اُس کی دُعاؤں کو سنے گا۔اور اس کے لئے اپنے نشان دکھلائے گا۔احمدی بچو ! تم میں سے ہر ایک کو یہ کوشش کرنی چاہئیے کہ وہ اپنے خُدا سے تعلق قائم کرے۔تمہیں چاہئیے کہ کثرت کے ساتھ دعائیں کرو۔اپنی ہر ضرورت اور ہر حاجت خدا سے ہی طلب کرو۔اگر تم ایسا کرو گے تو خدا تمہاری دعاؤں کو بھی ضرور سنے گا۔تمہاری التجاؤں کا جواب دے گا۔اور تمہاری خاطر اپنے کئی نشان ظاہر کرے گا۔✰✰✰