تفسیر کبیر (جلد ۹)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 601 of 704

تفسیر کبیر (جلد ۹) — Page 601

معنے سیاق و سباق کے تسلسل میں بیان نہیں فرمائے۔بلکہ صرف یہ ثابت کیا ہے کہ نبی اپنی قوم میں شریف ہوتے ہیں۔اورابتدائے آفرینش سے آج تک جتنے انبیاء آئے ہیں وہ سب کے سب معزز خاندانوں میں سے تھے۔اچھے شہریوں اور قانون وقت کے ساتھ چلنے والوں اورسوسائٹی کے مفید ترین لوگوں کی اولادوں میں سے تھے اس لئے لوگ ان کی تحقیر و تذلیل نہ کرسکتے تھے بلکہ ان کا پو راادب اور احترام کرتے تھے۔غرض اس آیت کے ایک معنے تو وہ ہیں جو حضرت مسیح موعودعلیہ الصلوٰۃ والسلام نے منفرداًکئے ہیں اور دوسرے معنے وہ ہیں جومیں نے سیاق وسباق کے تسلسل کے لحاظ سے بیان کئے ہیں۔لیکن اس آیت کے ایک تیسرے معنے ساری سورۃ کے تسلسل کے لحاظ سے بھی ہیں۔اس سورۃ(الشعراء)میں سب سے پہلے حضرت موسیٰ علیہ السلام کا ذکر آتاہے۔پھر حضرت ابراہیم علیہ السلام کا ذکر آتاہے۔پھر حضرت نوح علیہ السلام کا ذکرآتاہے۔پھر حضرت صالح علیہ السلام کا ذکر آتاہے۔پھر حضرت لوط علیہ السلام کا ذکر آتاہے اور پھر حضرت شعیب علیہ السلام کا ذکر آتاہے۔ان سب انبیاء کا ذکرکرنے کے بعد اللہ تعالیٰ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ذکر فرماتا ہے۔ان کے علاوہ بہت سے انبیاء ایسے بھی ہیں جن کے نام قرآن کریم میں نہیں آئے اوران کی تاریخ بھی محفوظ نہیں۔قرآن کریم نے قاعدہ کلیہ کے طور پر بیان کردیاہے کہ تمام انبیاء محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خبردیتے چلے آئے ہیں اورسب نے آپ کے متعلق پیشگوئیاں کیں۔مگران میں سے بعض کی پیشگوئیاں تو محفوظ ہیں اورباقی انبیاء کی پیشگوئیاں محفوظ نہیں ہیں جیسے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی پیشگوئیاں موجود ہیں۔حضرت موسیٰ علیہ السلام کی پیشگوئیاں تورات میں موجود ہیں۔حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی پیشگوئیاں انجیل میں موجود ہیں یہ تو ایسے ہیں جن کی پیشگوئیاں ان کی کتابوں میں موجود ہیں۔لیکن جن انبیاء کے نام قرآن کریم میں بیان نہیں ہوئے اورنہ ہی ان کی کوئی تاریخ موجود ہے۔ان کی پیشگوئیاں بھی محفوظ نہیں ہیں۔ان تمام انبیاء کاجن کے نا م میں نے اوپر بتائے ہیں ذکرکرنے کے بعد اللہ تعالیٰ فرماتا ہے۔کیا اس پر شیطان اتر سکتاہے اگر شیطان اترتا توان کے پاس اس بات کاکوئی ثبوت بھی ہوناچاہیے۔آخر ان منکرین میں سےبعض ایسے لوگ بھی ہیں جوکسی نہ کسی نبی کو مانتے ہیں۔ان میں عیسائی بھی ہیں یہودی بھی ہیں اور کچھ دوسرے لوگ بھی ہیں۔عیسائی حضرت عیسیٰؑ کومانتے ہیں۔یہودی حضرت موسیٰ ؑ۔نوح ؑ ابراہیم ؑ اورلوط ؑ کومانتے ہیں اور دوسرے کفار ہودؑ اورصالح ؑ کومانتے ہیں۔ان سارے گروہوں میں سے مکہ والوں کے جد امجد حضرت ابراہیمؑ کی پیشگوئیاں محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق موجود تھیں۔عیسائیوں کے جدامجد موسیٰ کی پیشگوئیاں موجود تھیں۔غرض اللہ تعالیٰ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے