تفسیر کبیر (جلد ۷)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 368 of 658

تفسیر کبیر (جلد ۷) — Page 368

ہیں۔ابن السکیت نے لکھا ہے کہ اسرائیل اسرال سے نکلا ہے مگر یہ درست نہیں۔اسرائیل کا عبرانی تلفظ یسرائیل ہے جو یسر اور ایل سے مرکب ہے یسر کے معنے جنگجو اور بہادر سپاہی کے ہیں اور ایل کے معنے خدا کے ہیں۔پس اسرائیل کے معنے ہیں خدا کا بہادر سپاہی حنوک جسے انگریزی میں اینوخ لکھتے ہیں اس کے معنے جیسا کہ اوپر بتایا جا چکا ہے خوب سکھانے والے کے ہیں اور ادریس کے معنے خوب پڑھانے والے کے ہیں خوب پڑھانے والا اور سکھانے والا ہم معنے الفاظ ہیں۔پس ادریس یقیناًحنوک کا عربی ترجمہ ہے۔مگر عربوں کو جب حنوک کے معنے بتائے گئے تو انہوں نے ادریس کو نام سمجھا اور چونکہ انہوں نے یہ یہودیوں سے سنا تھا اس لئے انہوں نے اس کو عجمی نام سمجھا اور اس کو غیر منصرف قرار دے دیا۔حنوک (یعنی) ادریس کا ذکر بائبل میں کتاب پیدائش میں آتاہے۔چنانچہ پیدائش باب ۴میں اسے قائن کی نسل سے لکھا ہے (قائن وہی ہے جسے عربی میں قابیل کہتے ہیں اور جوہابیل کا قاتل تھا)گویا ایک حنوک قائن کا بیٹاتھا۔اس کا بیٹاعیراد۔اس کا بیٹا محویا ایل۔اس کا بیٹا مقوسا ایل۔اس کا بیٹالمک اس کے بیٹے یابل یوبل ایک بیوی سے اور دوسری سے توبلقائن۔(آیت ۱۷ تا ۲۲) باب ۵میں لکھا ہے کہ جب ہابیل مارے گئے تو آدم کو اللہ تعالیٰ نے ان کی جگہ سیت بیٹا دیا۔سیت وہی ہیں جن کو ہمارے مفسرشیث ؑ کہتے ہیں سیت سے انوس۔انوس سے قینان قینان سے محلل ایل اور محلل ایل سے یارد اور یارد سے حنوک اورحنوک سے متوسَلْح۔متوسلح سے لمک پیداہوا اور لمک سے نوح پیدا ہوا۔(پیدائش باب ۵آیت ۳ تا۲۹) ان روایات سے معلوم ہوتاہے کہ ابتدائے آفرینش سے ہی حنوک کا نام مقبول ہوگیا تھا چنانچہ آدم کی پانچ سات پشتوں میں ہی دو آدمیوں کا نام حنوک رکھا گیا۔ایک قائن کا بیٹا تھا اور ایک سیت نبی کا پانچویں پشت میں پوتاتھا اور یہی حنوک ہے جسے ادریس کہا گیاہے جو حضرت نوح ؑ کے دادا تھے۔اسلامی روایات کے مطابق آدم ؑ کے نسب نامہ میں پہلے نبی آدم تھے جو باپ تھے دوسرا نبی شیث تھا جو آدم کابیٹا تھا۔تیسرا نبی حنوک تھا جو آدم کا پانچوں پڑپوتا تھا اور چوتھا نبی نوح تھا جو پانچویں پڑپوتے کا پوتاتھا۔حنوک کے حالات۔بائبل کی کتاب پیدائش باب ۵آیت ۲۱تا۲۴میں لکھاہے کہ حنوک ۳۶۵سال تک زندہ رہا اور متوسلح کی پیدائش پر جو اس کا پہلا بیٹاتھا او ر۶۵سال کی عمر میں پیدا ہوا حنوک خدا کا مقرب بنا اور تین سوسال تک اس مقام پر قائم رہا بائبل کے الفاظ یہ ہیں کہ وہ تین سوسال تک خداکے ساتھ ساتھ چلتارہا۔(یعنی خدا تعالیٰ کی معیت اسے حاصل ہوئی) پھر لکھاہے کہ خداکے ساتھ ساتھ چلتے ہوئے ہی وہ غائب ہوگیا۔اس لئے کہ