تفسیر کبیر (جلد ۷)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 224 of 658

تفسیر کبیر (جلد ۷) — Page 224

ہوتی ہے اس لئے ہم کہہ سکتے ہیں کہ حضرت مسیح ؑ جولائی یا اگست میں پیدا ہوئے اور حضرت مریم کو اکتوبر یا نومبر میں حمل ہوا۔اگر وہ جولائی کے مہینہ میں یا اگست کے شروع میں پیدا ہوئے تھے تو حضرت مریم کو اکتوبر میں حمل ہوا اور اگر وہ اگست کے وسط یا آخر میں پیدا ہوئے تو حضرت مریم کو نومبر میں حمل ہو ا۔بہر حال قرآن کریم کی تاریخ سے معلوم ہوتاہے کہ حضرت مریم کو ۱۵اکتوبر سے ۱۵ نومبر تک کسی تاریخ میں حمل ہوا ہے تبھی جاکر اُس موسم میں بچہ پیدا ہوتا ہے جس میں کھجورزیادہ تر پھل دیتی ہے۔نومبر میں حمل ہو ا تو مریم اپنی ماں سے تو نہیں چھپا سکتی تھی۔اُس نے اپنی ماں کو ضرور بتایا ہوگا۔اور پھر ماں نے اپنے رشتہ داروں کوبتایا ہو گا۔اور وہ روئے پیٹے ہوں گے اور پھر یوسف کے پاس گئے ہوں گے کہ وہ کسی طرح مریم کو اپنے گھر لے آئے۔اور یہ بات دب جائے۔یوسف نے پہلے انکار کرنا چاہا مگر خدا تعالیٰ نے خواب میں اُسے حکم دیا کہ وہ انکار نہ کرے اور مریم کو اپنے گھر لے آئے اب وہ خدا سے بھی ڈرتا تھا اور لوگوں سے بھی ڈرتا تھا وہ خدا تعالیٰ کے حکم کی تعمیل میں مریم کو اپنے گھر میں لے آیا۔فرض کرو فروری میںیامارچ کے آخر میں وہ اُن کو اپنے گھر لایا اور مئی جون میں جب اس نے دیکھا کہ اب حمل پر پر دہ نہیں پڑ سکتا تو وہ کوئی بہانہ بناکر جنوب کی طرف سفر پر چلاگیا اور بیت لحم میں پہنچ کر بچہ پیدا ہوگیا۔اب اگر اُسی وقت وہ اپنے بچہ کو واپس لے آتے تو بڑے بے وقوف بنتے کیونکہ وہ تو نکلے ہی اس لئے تھے کہ لوگوں کو بچہ کی پیدائش کا علم نہ اور وہ یہ نہ کہیں کہ مریم تو تمہارے گھر میں مارچ میں آئی تھیں جولائی یا اگست میں بچہ کس طرح پیدا ہوگیا۔اگر وہ چھ مہینے کے بعد بھی واپس لاتے تب بھی بے وقوف بنتے کیونکہ وہ یہ کہتے کہ ایک مہینہ ہوا ہمارے ہاں یہ بچہ ہوا ہے اور اس کی شکل چار پانچ مہینے کے بچے والی ہوتی اور چار پانچ مہینے کا فرق بڑا بھاری فرق ہوتا ہے پس وہ کئی سا ل باہر رہے تاکہ اس بات پر پر دہ پڑ جائے اور لوگوں کے ذہنوں سے یہ بات نکل جائے اور جب وہ بچہ بڑا ہو گیا تو پھر اپنے وطن میں واپس آئے۔متی سے بھی پتہ لگتا ہے کہ وہ کئی سال مصر میں رہے (انجیل متی باب ۲آیت۱۳) اب واقعات تویہ بتاتے ہیں کہ یوسف اور مریم لوگوں سے ڈر کر باہر گئے۔مگر لوقا بتاتا ہے کہ مسیح ابھی اپنی ماں کے پیٹ میں ہی تھا کہ اُس کے معجزے ظاہر ہونے شروع ہوگئے اور سب کو پتہ لگ گیا کہ مریم روح القدس کی وجہ سے حاملہ ہے۔اب جبکہ سب کو پتہ لگ گیا تھا اور مسیح کے معجزے بھی ظاہر ہونے شروع ہوگئے تھے تو اس حمل کو چھپانے اور اُن کے باہر جانے کی کوئی وجہ نہ تھی مگر دوسری طرف واقعات بتاتے ہیں کہ یوسف اور مریم باہر گئے اور باہر ہی بچہ پیداہوا۔پس سوال پیدا ہوتا تھا کہ اگر سب کو علم تھا کہ مریم روح القدس سے حاملہ ہے تو پھر یوسف اور مریم باہر کیوں گئے۔اس سوال کو حل کرنے کے لئے لوقا سات سال بعد کی مردم شماری کو سات سا ل پہلے بیان کرتا ہے اُس نے خیال کیا کہ ستر اسی سال گذر چکے