تفسیر کبیر (جلد ۵)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 130 of 460

تفسیر کبیر (جلد ۵) — Page 130

زمانہ انسان کے پیچھے چلا آرہا ہے۔اور کبھی یہ فرض کیا جاتا ہے کہ انسان اس کی تلاش میں چلا جارہا ہے پس دونوں معنوں میں اس کو استعمال کیا جا تاہے۔یعنی اس چیز کے متعلق بھی کہ جو پیچھے سے اس کو آملے گی۔اور اس چیز کے متعلق بھی کہ جس کو یہ جا کر آگے مل جائے گا۔اور کبھی اس کے معنے سواء کے بھی ہوتے ہیں۔جیسے قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے فَمَنِ ابْتَغٰى وَرَآءَ ذٰلِكَ یعنی سَوَآءُ ذَلِکَ نیز کبھی یہ ظرف مکان کے لئے بھی استعمال ہوتا ہے۔(اقرب) اَلصَّدِیْدُ۔مَاءُالْجُـرْحِ الرَّقِیْقُ۔اَلْمُخْتَلِطُ بِالدَّمِ قَبْلَ اَنْ تَغْلُظَ الْمِدَّةُ۔پتلی خون آلود پیپ جو پیپ کے گاڑھا ہونے سے پہلے زخم سے نکلتی ہے۔وَ قِیْلَ ھُوَ الْقَیْحُ الْمُخْتَلِطُ بِالدَّمِ اور بعض اس کے معنے صرف خون آلود پیپ کے کرتے ہیں۔خواہ گاڑھی ہو خواہ پتلی۔وَ قِیْلَ الْحَمِیْمُ اُغْلِیَ حَتّٰی خَثُرَ۔اور بعض اس کے معنی گرم پانی کے بھی کرتے ہیں کہ جو ابل ابل کر گاڑھا ہو جائے۔(اقرب) تفسیر۔اس کے آگے جہنم ہو گی یعنی ایک لمبے عرصہ تک اس کا واسطہ جہنم سے پڑے گا۔اور صدید یعنی گرم پانی پینے سے مراد گرم پانی بھی ہو سکتا ہے۔کہ اس دنیا میں بھی گرم پانی سے علاج کیا جاتا ہے۔گرم پانی پینے سے مراد ممکن ہے کہ جہنم میں بھی گرم پانی کی شکل میں کوئی روحانی علاج مقرر ہو۔اور یہ بھی مراد ہو سکتا ہے کہ حصول مدعا کے ذرائع سامنے ہوںگے۔لیکن انہیں استعمال نہیں کر سکیں گے۔جس طرح تیز گرم پانی پانی تو ہے لیکن پیا نہیں جا سکتا۔اس لئے پیاسے کو اسے دیکھ کر اور تکلیف پہنچتی ہے۔زخموں کے دھوون سے مراد اگر زخموں کا دھوون سمجھا جائے تو مطلب یہ ہوگا کہ دنیا میں بھی ان کے کاموں کا موجب ان کے ناپاک شہوات ہوتے تھے جو گویا اندرونی زخموں کا دھوون ہیں۔کیونکہ شہوت قلب کی خرابی کا نتیجہ ہے۔اگلے جہاں میں وہ ہی متمثل ہو کر زخموں کے دھوون کی شکل میں سامنے آئیں گے۔دھوون کے معنی بھی علاج کو مدنظر رکھتے ہوئے چسپاں ہو سکتے ہیں۔کیونکہ آج کل سب سے بہتر علاج ویکسین اور سیرم اور بیکٹروفیج ہیں۔اور ان علاجوں میں بیماری کے ہی مختلف اجزاء اور کیڑوں کے لعابوں سے علاج کیا جاتا ہے۔پس ہو سکتا ہے کہ علاج بالمثل کی طرف اشارہ ہو کہ ان کے گناہوں اور گندوں کے فاسد مادوں سے ہی ان کا علاج کیا جائے گا۔یا یہ کہ ان کے گند ان کے سامنے رکھ دیئے جائیں گے جن سے ان کو گھن آئے گی اور اس طرح انہیں گند سے نفرت ہو جائے گی جیسا کہ سائکوانیلسس والے کرتے ہیں جو ایک نیا طریق علاج نکلا ہے۔