تفسیر کبیر (جلد ۱)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 71 of 657

تفسیر کبیر (جلد ۱) — Page 71

سُوْرَۃُ الْبَقَرَۃِ سُوْرَۃُ الْبَقَرَۃِ مَدَنِیَّۃٌ وَ ھِیَ مَعَ الْبَسْمَلَۃِ مِائَتَانِ وَ سَبْعٌ وَّ ثَمَانُوْنَ اٰ یَۃً وَّ اَرْبَعُوْنَ رُکُوْعًا سورۃ بقرۃ۔یہ سورت مدنی ہے اور بسم اللہ سمیت اس کی دو سوستاسی آیتیں ہیں اور چالیس رکوع ہیں۔سورۃ البقرۃکے نام کا ذکر مختلف احادیث میں اس سورۃ کا نام سورۃ البقرۃ ہے جیسا کہ مختلف احادیث سے ثابت ہے اور خود رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بیان فرمایا ہے گو احادیث سے یہ امر ظاہر نہیں ہوتا کہ آپ نے خود ہی یہ نام رکھا یا اللہ تعالیٰ کے فرمانے کے مطابق رکھا۔مگر میرا اپنا یقین یہی ہے کہ سورتوں کے نام بھی اللہ تعالیٰ کے حکم سے رکھے گئے ہیں۔اس سورۃ کے نام کے متعلق جو روایات ہیں ان میں سے بعض یہ ہیں۔ترمذی میں ہے۔عَنْ اَبِیْ ھُرَیْرَۃَ قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ لِکُلِّ شَيْ ئٍ سَنَامٌ وَاِنَّ سَنَامَ الْقُرْاٰنِ سُوْرَۃُ الْبَقَرَۃِ وَفِیْہَا اٰیَةٌ ھِیَ سَیِّدَۃُ آیِ الْقُرْاٰنِ ھِیَ آیَۃُ الْکُرْسِیِّ (ترمذی ابواب فضائل القرآن۔باب ماجاء فی سورۃ البقرۃ و آیۃ الکرسی) یعنی ہر چیز کا ایک چوٹی کا حصہ ہوتا ہے اور قرآن کریم کی چوٹی کا حصہ سورۃ البقرہ ہے اور اس میں ایک ایسی آیت ہے جو قرآن کریم کی سب آیات کی سردار ہے اور وہ آیۃ الکرسی ہے۔سورۂ بقرہ مدنی ہے یہ سورۃ مدینہ میں نازل ہوئی ہے اور مختلف وقتوں میں نازل ہوتی رہی ہے اور بعض کے نزدیک اس کی ایک آیت آخری ایام میں حجۃ الوداع کے موقع پر قربانی کے دن نازل ہوئی تھی اور وہ وَ اتَّقُوْا يَوْمًا تُرْجَعُوْنَ فِيْهِ اِلَى اللّٰهِ (البقرۃ :۲۸۲)کی آیت ہے اس سورۃ کی رِبَاء کی آیات (یعنی سود کے احکام پر مشتمل آیات) قرآن کریم کی آخری زمانہ میں نازل ہونے والی آیات میں سے ہیں۔سورۂ بقرہ کے فضائل۔سورۂ بقرہ کے یاد کرنے کی وجہ سے ایک نوجوان کا امیرِ لشکر تجویز ہونا ترمذی نے ابوہریرہ سے روایت کی ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک فوج بھجوائی جو آدمی اس کے لئے چنے گئے۔آپؐ نے اُن سے قرآن کریم سنا۔آخر آپؐ ایک شخص کی طرف متوجہ ہوئے جو ان سب سے چھوٹی عمر کا تھا اور اس سے پوچھا کہ تم کو کتنا حصہ قرآن کریم کا یاد ہے اس نے کہا فلاں فلاں سورۃ کے علاوہ سورئہ بقرہ بھی یاد ہے آپؐ نے فرمایا کہ کیا سورۃ البقرہ تم کو یاد ہے؟ اس نے کہاہاں یا رسول اللہ !آپؐ نے فرمایا۔بس تو تم اس لشکر کے سردار مقرر کئے جاتے ہو۔اِس پر اُس قوم کے سرداروں میں سے ایک شخص نے کہا کہ خدا کی قسم !میں سورۂ بقرہ