تفسیر کبیر (جلد ۱۴) — Page 90
ہوتی ہے تو دوسری طرف ایمپلائرز ایسوسی ایشن کام کر رہی ہوتی ہے۔ایک طرف ریلوے اونرز ایسوسی ایشن بنتی ہے تو دوسری طرف ریلوے ایمپلائز ایسوسی ایشن قائم ہوجاتی ہے۔اسی طرح کسی جگہ کول مائنرز ایسوسی ایشن قائم ہے تو کسی جگہ کول اونرز ایسوسی ایشن کام کر رہی ہے۔غرض ایک دوسرے کے مقابلہ میںسوسائٹیاں بن چکی ہیں۔ایک نوکروں کی ایسوسی ایشن ہے تو ایک مالکوں کی۔ایک ان لوگوں کی ایسوسی ایشن ہے جو سیاسیات میں غالب ہیںتو ایک ان لوگوں کی ایسوسی ایشن ہے جو سیاسیات میںمغلوب ہیںگویا ہر طرف جتھہ بن گیا ہے اور اب فردفرد کوشش نہیںکرتا بلکہ گروہ گروہ کوشش کرتا ہے یہی خبر تھی جو اللہ تعالیٰ نے اس آیت میںدی کہ يَوْمَىِٕذٍ يَّصْدُرُ النَّاسُ اَشْتَاتًا اس دن فرد فرد کوشش نہیںکرے گا بلکہ گروہ گروہ کوشش کرے گا۔لِيُرَوْا اَعْمَالَهُمْ تا کہ ان کی کوششوں کے اچھے نتائج برآمد ہوں اور وہ اپنی قوتوں کو ضائع کرنے والے نہ ہوں۔اس جگہ ھُمْ کی ضمیر اسی لئے لائی گئی ہے کہ اس میں متعدد گروہوں کی طرف اشارہ کیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ ہر گروہ اپنے اپنے حقوق کے متعلق جدوجہد کرے گا۔لیبر مل کر کوشش کریں گے کہ لیبر کے حق میںنتیجہ نکل آئے۔سوشلسٹ مل کر کوشش کریں گے کہ سوشلسٹ کے حق میںنتیجہ نکل آئے نیشنلسٹ مل کر کوشش کریں گے کہ نیشنلسٹ کے حق میں نتیجہ نکل آئے۔کمیونسٹ مل کر کوشش کریں گے کہ کمیونسٹ کے حق میںنتیجہ نکل آئے۔غرض ہر پارٹی جتھہ بازی کے ذریعہ اپنے حقوق کو حاصل کر نے کی جدوجہد کرے گی۔چنانچہ آج دنیا میںہزاروں پارٹیاں بن رہی ہیںاور کتابوں میںصاف طور پر لکھا جاتا ہے کہ پہلے زمانوں میں ناکامی کی بڑی وجہ یہی تھی کہ مل کر کام نہیںکیا جاتا تھا اب ہم مل کر کام کریںگے اور اپنی آواز کو زیادہ سے زیادہ موثر اور نتیجہ خیز بنانے کی کوشش کریں گے۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ٹھیک ہے ہمارا بھی یہی منشاء تھا کہ انفرادی کوشش کی جگہ اس دن قومی کوشش ہو تا خوب اچھی طرح خیر و شر کا فرق ظاہر ہو جائے۔اس جگہ لِيُرَوْا اَعْمَالَهُمْ میںجہاں بندوں کی طرف سے اپنے حقوق کے لئے جدوجہد شروع ہونے کا ذکر ہے وہاں اللہ تعالیٰ کی طرف سے بھی ان کی تائید کا اشارہ پایا جاتا ہے یعنی جہاں وہ اپنے اپنے دائرہ اور اپنے اپنے رنگ میںکوشش کررہے ہوں گے وہاں خدا تعالیٰ بھی کوشش کر رہا ہو گا۔یہ ایسا ہی ہے جیسے دوسری جگہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے وَ مَكَرُوْا وَ مَكَرَ اللّٰهُ١ؕ وَ اللّٰهُ خَيْرُ الْمٰكِرِيْنَ۔(اٰلِ عـمران: ۵۵) انہوں نے بھی تدابیرکیں اور اللہ تعالیٰ نے بھی تدبیرکی اور اللہ تعالیٰ تمام تدابیر کرنے والوں سے زیادہ بہتر ہے۔اسی طرح فرماتا ہے لوگ یہ تجویزیں کریں گے کہ ہم مل کر کام کریں اور ہم بھی ان کو پوری طرح موقع دیں گے تا کہ ان کے دلوں میں کوئی حسرت نہ رہے اور لوگ قومی طورپر اپنے حوصلے نکال کر آخر اس امر کو تسلیم کریں کہ قانون اور پارٹی وہی اچھی ہے جسے خدا تعالیٰ بنائے۔